ماسکو: (ویب ڈیسک) دنیا بھر میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے، جہاں انسانوں کو بچانے کے لیے ویکسین لگائی جا رہی ہے وہیں پر روس سے ایک خبر آئی ہے جہاں پر جانوروں کے لیے دنیا کی پہلی کورونا ویکسین رجسٹر کی ہے۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق روس کا کہنا ہے کہ اس اقدام سے وائرس کے شکل بدلنے کے عمل کو روکا جا سکے گا۔
زراعت کو دیکھنے والی ایجنسی روسلخوزنادزور نے کہا کہ ویکسین کی بڑے پیمانے پر پیداوار اپریل میں شروع کی جا سکتی ہے۔
کارنیواک کوو کے نام سے تیار کی جانے والی ویکسین کے بارے میں بتایا گیا ہے کہ کتوں، بلیوں، لومڑیوں اور دیگر جانوروں پر اس کے تجربات گزشتہ سال اکتوبر میں کیے گئے تھے اور یہ ان پر مؤثر ثابت ہوئی ہے۔
ایجنسی کے نائب سربراہ کونسٹنٹین ساوینکوو نے بتایا کہ جتنے بھی جانوروں کو یہ ویکسین دی گئی ہے سو فیصد میں کورونا کے اینٹی باڈیز پیدا ہوئے۔ یہ دنیا کی سب سے پہلی اور واحد ویکسین ہے جو جانوروں میں کورونا کے وائرس کو روکے گی۔
نادزور نے کہا کہ ویکسین کی پیداوار سے جانوروں میں کورونا کے وائرس کے شکل بدلنے کو روکا جا سکے گا۔ ڈنمارک کی مثال سب کے سامنے ہے، جہاں گزشتہ برس 15 لاکھ آبی نیولوں کو اس وقت تلف کیا گیا جب ان میں سے کچھ میں وائرس کی تبدیل شدہ شکل سامنے آئی۔
روسی سائنسدانوں نے کہا ہے کہ کارنیواک ویکسین کے استعمال سے جانوروں کورونا وائرس سے محفوظ رہیں گے۔
روسلخوزنادزور نے بتایا ہے کہ یونان، پولینڈ، آسٹریا، امریکا، کینیڈا اور سنگاپور کی نجی کمپنیوں اور جانور پالنے والے اداروں نے کارنیواک کوو ویکسین خریدنے میں دلچسپی ظاہر کی ہے۔