فیصل آباد: (دنیا نیوز) فیصل آباد میں 2 بڑے سرکاری ہسپتالوں میں کورونا مریضوں کی جگہ ختم ہونے کے بعد غلام محمد آباد ہسپتال میں بھی کورونا سینٹر قائم کردیا گیا ہے۔ طبی ماہرین نے صورتحال کوخوفناک قرار دے دیا۔
پاکستان میں کورونا کی تیسری لہر ہر آنے والے دن کے ساتھ مزید خطرناک ہو رہی ہے۔ بازاروں اور دیگر پبلک مقامات پر کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد نہ ہونے کی وجہ سے فیصل آباد کے سول اور الائیڈ ہسپتال کورونا مریضوں سے بھر چکے ہیں۔
ضلعی انتظامیہ کی ہدایت پر غلام محمد آباد ہسپتال میں ایک بار پھر کورونا سینٹر قائم کر دیا گیا ہے۔ شہری کہتے ہیں ایس او پیز پر عمل نہ کیا تو حالات مزید خراب ہو جائیں گے۔
غلام محمد آباد ہسپتال میں ہائی فلو آکیسجن کے 46 بیڈز کی گنجائش ہے جبکہ مجموعی طور پر 150 کورونا مریضوں کے لئے انتظامات کئے جائیں گے۔
ہسپتال انتظامیہ کا کہنا ہے کہ شہری احتیاط کریں کیونکہ فیصل آباد میں کورونا مریضوں کے لئے مزید کوئی ہسپتال نہیں ہے۔
فیصل آباد میں اب تک کورونا کے 14 ہزار مریض اور 680 سے زائد اموات رپورٹ ہوچکی ہیں۔