خیبر پختونخوا: ڈینگی سے پہلی موت کی تصدیق، ایک ہزار 456 مثبت کیسز رپورٹ

خیبر پختونخوا: ڈینگی سے پہلی موت کی تصدیق، ایک ہزار 456 مثبت کیسز رپورٹ

محکمہ صحت خیبر پختونخوا کے مطابق صوبہ بھر میں ڈینگی کیسز سے متاثرہ افراد کی تعداد میں اضافے کا سلسلہ جاری ہے، صوبہ بھر میں 14 ہزار سے زائد مشتبہ کیسز رپورٹ ہوئے، سکریننگ کے بعد ایک ہزار456 افراد میں ڈینگی کی تصدیق ہوئی ہے۔ رپورٹ کے مطابق صوبہ کے مختلف ہسپتالوں میں 123 مریض زیر علاج ہیں، نوشہرہ میں ڈینگی کے 318، پشاور میں 317 اور بونیر میں 212 افراد میں ڈینگی وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔

پشاور کے ہسپتالوں میں ڈینگی سے متاثرہ مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہورہا ہے، حیات آباد میڈیکل کمپلیکس ترجمان کے مطابق ہسپتال میں ڈینگی کے 11 مریض زیر علاج ہیں، ہسپتال میں 24 گھنٹوں میں ڈینگی کے 416 ٹیسٹ کیے گئے جن میں ایک سو افراد میں ڈینگی مثبت آیا، خیبر ٹیچنگ ہسپتال انتظامیہ کے مطابق ڈینگی سے متاثرہ 25 مریض زیرعلاج ہیں، متاثرہ افراد میں 9 خواتین اور 16 مرد شامل ہیں۔

گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ڈینگی کے 944 ٹیسٹ کئے گئے جن میں 256 افراد کے ٹیسٹ مثبت جبکہ 688 کے منفی آئے، خیبر پختونخوا میں گزشتہ روز ڈینگی وائرس سے ایبٹ آباد میں ایک شخص جاں بحق ہوا ہے۔