پشاور: (دنیا نیوز) خیبرپختونخوا میں ڈینگی کے مزید 135 نئے کیسز سامنے آ گئے، صوبہ میں ڈینگی سے متاثرہ افراد کی تعداد 2 ہزار 795 ہو گئی، پشاور کے 8 علاقوں کو ڈینگی سے متعلق ہائی رسک قرار دے دیا گیا۔
محکمہ صحت کی جاری کردہ رپورٹ کے مطابق صوبے میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ڈینگی کے مزید 135 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جس کے بعد صوبے میں ڈینگی سے متاثرہ مریضوں کی تعداد 2 ہزار 795 ہو گئی ہے، صوبے کے مختلف ہسپتالوں میں ڈینگی کے 210 مریض زیرعلاج ہیں، پشاور میں 24 گھنٹوں میں مزید 38 افراد میں ڈینگی وائرس کی تصدیق ہوئی، پشاورمیں مجموعی طورپرڈینگی سے متاثرہ مریضوں کی تعداد 803 ہو گئی ہے۔
لوئر دیر میں مزید 14 اور ہری پور میں 12 افراد میں ڈینگی وائرس کی تصدیق ہوئی ہے، محکمہ صحت کے مطابق 24 گھنٹوں کے دوران صوبے میں ڈینگی سے 99 افراد صحت یاب ہوئے ہیں، پشاور کے 8 ،نوشہرہ کے 3 اوربونیر کے 2 علاقے ڈینگی سے متعلق ہائی رسک قرار دیئے گئے ہیں۔ ڈینگی بخار سے صوبے میں اب تک چار افراد جاں بحق ہوئے ہیں۔