کراچی: (دنیا نیوز) ماہرین امراض قلب کا کہنا ہے کہ پاکستان میں غیر صحت مندانہ طرز زندگی کے سبب پچیس سے چالیس سال کے افراد کی ایک بڑی تعداد دل کے دورے کا شکار ہو رہے ہیں، پیدل چلنے سے اس مرض سے بچا جا سکتا ہے۔۔
ان خیالات کا اظہارماہرین نےدل کےامراض کے حوالے سے کراچی میں ہونے والی کانفرنس کارڈیو کون کے پہلے روز عوامی آگاہی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
اس موقع پرڈاکٹر خاور کاظمی، ماہر غذائیت سدرہ رضا، وجاہت یوگی اور عمیر جلیاوالہ نے بھی خطاب کیا۔
کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ماہر امراض قلب ڈاکٹر جاوید اکبر سیال کا کہنا تھا کہ پاکستان میں غیر صحت مندانہ طرز زندگی، سگریٹ نوشی اور موٹاپے کی وجہ سے نوجوانوں میں دل کے امراض بڑھتے جا رہے ہیں، صحتمندانہ طرز زندگی اپنائیں، سگریٹ نوشی کو ترک کرتے ہوئے پیدل چلنا زندگی کا لازمی حصہ بنالیں۔
ڈاکٹر فواد فاروق کا کہنا تھا کہ موٹاپا بہت سارے امراض کی جڑ اور دل کے دورے اورفالج کا سب سے بڑا سبب ہے، عوام کو چاہیے کہ وہ روزانہ ورزش کو اپنا شعار بنائیں اورسادہ کھانا اپناتے ہوئے اپنے جسم کو صحت مند رکھیں۔
سندھ انسٹیٹیوٹ آف فزیکل میڈیسن اینڈ ری ہیبیلیٹیشن کی سربراہ ڈاکٹر نبیلہ سومرو کا کہنا تھا کہ لوگوں کو ہفتے میں کم ازکم ڈھائی گھنٹے جسمانی مشقت ضرور کرنی چاہیے ورنہ امکان ہے کہ وہ غیر صحت مندانہ طرز زندگی کا سبب بننے والی بیماریوں کا بہت جلد شکار ہو سکتے ہیں،