اسلام آباد:(دنیا نیوز)کورونا وائرس کے نئے ویرینٹ اومی کرون نے خطرے کی گھنٹی بجادی ہے اور اسلام آباد میں مزید 16افراد میں وائرس کی تصدیق ہوگئی ہے۔
ڈی ایچ او کے مطابق اسلام آباد میں ایک روز میں 34 افراد میں اومی کرون وائرس کی تصدیق ہوئی جس کے بعد وفاقی دارالحکومت میں متاثرہ افراد کی تعداد 100 ہو گئی ہے۔
ڈی ایچ او کا کہنا تھا کہ اومی کرون کا شکار افراد کی اکثریت نے انسداد کرونا ویکسین نہیں لگوائی ،ہسپتالوں میں داخل ہونے والے کرونا مریضوں کی اکثریت بھی نان ویکسینیڈڈ ہے ۔
30سال سے زائد عمر کے افراد کیلئے ویکسین بوسٹر کا آج سے آغاز
دوسری جانب مہلک وائرس کا پھیلاؤ روکنے کیلئے بڑا اقدام اٹھاتے ہوئے ملک بھر میں 30سال سے زائد عمر کے افراد کیلئے ویکسین بوسٹر کا آج سے آغاز کرنے کا اعلان کردیا گیا ہے۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر(این سی او سی ) کے مطابق بوسٹر ڈوز وہ افراد لگوا سکتے ہیں جن کی ویکسینیشن کو 6ماہ مکمل ہو چکے ہوں ، اومی کرون کے خدشے کے پیش نظر شہری کرونا ایس او پیز پر عمل کریں۔
کراچی: 12 افراد میں اومی کرون کی تصدیق پر مائیکرو سمارٹ لاک ڈاؤن نافذ
کراچی کے علاقے گلشن اقبال میں ایک ہی خاندان کے بارہ افراد میں اومی کرون کی تصدیق کے بعد متاثرہ علاقے میں مائیکرو سمارٹ لاک ڈاؤن نافذ کر دیا گیا۔
بتایا گیا ہے کہ متاثرہ علاقے میں بیکری اور میڈیکل سٹور کے علاوہ تمام معمول کی سرگرمیاں معطل رہیں گی ،ضلعی انتظامیہ کے مطابق گلشن اقبال کے بلاک سیون میں ڈبل سواری پر بھی پابند ہوگی، مائیکرو اسمارٹ لاک ڈاون 14 جنوری تک نافذ رہے گا ۔
اومی کرون کے ممکنہ کیسز کو کنٹرول کرنے کے محکمہ صحت کی سخت ہدایت پر ضلعی انتظامیہ مکمل طور پرفعال ہےاور تمام ضروری اقدامات اٹھائےجا رہے ہیں۔شہریوں کو ایس او پیز سے متعلق آگاہی فراہم کرنے کے علاوہ ماسک سمیت پابندیوں پر عمل درآمد بھی جاری ہے۔
این سی او سی کے سربراہ اسد عمر نے کورونا کی نئی لہر کے حوالے سے خبردار کردیا اور کہا کہ کورونا کی نئی لہر کی توقع چند ہفتوں سے تھی، اومی کرون کراچی میں زیادہ تیزی سے پھیل رہا ہے ، کورونا سے محفوظ رہنے کے لیے ماسک پہننا ضروری ہے۔
کورونا وائرس مزید 8 جانیں نگل گیا، ملک بھر میں مزید 594 افراد وبا کا شکار
کورونا وائرس مزید 8 جانیں نگل گیا،گذشتہ 24 گھنٹے کے دوران ملک بھر میں مزید 594 افراد وبا کا شکار ہوئے ہیں۔
کورونا کے حملے جاری، ملک بھرمیں کوروناکےایکٹوکیسزکی تعداد 10 ہزار 184 ہو گئی، مریضوں کی مجموعی تعداد 12 لاکھ 96 ہزار 527 ہے۔ 24 گھنٹےمیں کورونا کے مزید 594 کیس رپورٹ ہوئے ہیں، کورونا سے متاثر 637 مریضوں کی حالت تشویشناک جبکہ جاں بحق افراد کی تعداد 28 ہزار 941 تک پہنچ گئی ہے۔ 24 گھنٹے میں کورونا کے 207 مریض صحت یاب ہوئے جس کے بعد مجموعی تعداد 12 لاکھ 57 ہزار 24 ہو گئی ہے۔
این سی اوسی کے مطابق ملک بھر میں 24 گھنٹے کے دوران 45 ہزار 585 کوروناٹیسٹ کیے گئے، تاحال 2 کروڑ 34 لاکھ 69 ہزار 131 کورونا ٹیسٹ کیے جا چکے ہیں۔
اعدادوشمار کے مطابق سندھ میں سب سے زیادہ 4 لاکھ 82 ہزار 411 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں، پنجاب 4 لاکھ 45 ہزار 228، خیبر پختونخوا ایک لاکھ 81 ہزار 430 اور بلوچستان میں 33 ہزار 644 افراد کورونا سے متاثر ہیں۔ اسلام آباد ایک لاکھ 8 ہزار 720، گلگت بلتستان میں 10 ہزار 429 کیسز، آزاد کشمیر میں کورونامریضوں کی تعداد 34 ہزار 665 ہوگئی۔