کراچی کا رتھ فاؤ ہسپتال 5 ارب روپے فنڈز مختص کرنے کے باوجود مسائل کا گڑھ بن گیا

Published On 15 April,2022 09:53 am

کراچی: (دنیا نیوز) سندھ حکومت کے بین الاقوامی معیار کی صحت سہولیات کے دعوے صرف دعوے ثابت ہوئے، پانچ ارب روپے کے فنڈز مختص کرنے کے باوجود کراچی کا رتھ فاؤ ہسپتال مسائل کا گڑھ بن گیا۔

سندھ بھر کے تمام ہسپتالوں میں سب سے زیادہ بجٹ رکھنے والے رتھ فاؤ سول ہسپتال میں مسائل بھی بڑے بڑے ہیں۔ سرکاری ہسپتال کے شعبہ ایم آر آئی اور سی ٹی سکین کو تالے لگ گئے۔ ایکسرے کی فلمیں تک دستیاب نہیں، مریض اور ان کے ساتھ آنے والے لوگ بھی رل گئے۔

ہسپتال میں شعبہ ایمرجنسی، او پی ڈی اور وارڈز میں بھی دوائیں تک دستیاب نہیں، مریض بے یارو مددگار ڈاکٹرز کا گھنٹوں انتظار کرتے ہیں۔ حال تو یہ ہے کہ مریض آپریشن کیلئے تین تین ماہ انتظار کے باوجود دھکے کھا رہے ہیں۔

ہسپتال کی ایم ایس ڈاکٹر روبینہ بشیر نے میٹنگ کا بہانہ بنا کر موقف دینے سے انکار کردیا۔ رتھ فاؤ سول ہسپتال کی انتظامیہ مسائل سے آگاہ ہونے کے باوجود سب اچھا ہے کا راگ الاپ رہی ہے۔ محکمہ صحت سندھ نے ہسپتال کیلئے پانچ ارب روپے کا فنڈ مختص کیا ہے۔
 

Advertisement