لاہور: (دنیا نیوز) لاہور کے میو ہسپتال میں قائم پین مینجمنٹ سنٹر شدید درد کے شکار مریضوں کے لیے راحت کی نوید بن گیا۔ سرکاری شعبہ صحت میں پنجاب بھر میں یہ اپنی نوعیت کی واحد سہولت ہے۔ کینسر کے مریضوں کو بھی شدید درد سے نجات دلانا ممکن ہو گیا۔
کینسر، جوڑوں کا درد، ریڑھ کی ہڈی یا ایسے ہی دیگر امراض میں مبتلا مریضوں کو بیشتر صورتوں میں شدید ترین درد بھی برداشت کرنا پڑتا ہے۔ اِس درد کو ختم کرنے کے لیے پنجاب حکومت نے میوہسپتال کے شعبہ ریڈیالوجی میں پین مینجمنٹ سنٹر قائم کیا ہے۔ اِس مرض کے مہنگے ترین علاج کی استعداد نہ رکھنے والے مریضوں کے لیے یہ سنٹر کسی’ نعمت غیر مترقبہ سے کم نہیں ہے۔
سرکاری شعبہ کی طرف سے فراہم کی گئی اِس سہولت نے شدید درد میں مبتلا رہنے والے افراد کو زندگی کی طرف واپس لوٹنے کی اُمید دلائی ہے جس کے لیے مریضوں کو ایک روپیہ بھی خرچ نہیں کرنا پڑتا۔ ضروری ہے کہ صوبے کے دیگر شہروں میں بھی یہ سہولت فراہم کی جائے۔