نائٹروجن میں ڈوبی ٹافیاں کھانے کا ٹرینڈ خطرناک قرار

Published On 22 January,2023 08:24 pm

جکارتا: (ویب ڈیسک)انڈونیشیا کی وزارتِ صحت نے ٹک ٹاک پر ویڈیوز کی بھرمار کے بعد لوگوں کو مائع نائٹروجن میں ڈوبی ٹافی کھانے سے خبردار کیا ہے۔

ڈریگن بریتھ کو کھانے سے کچھ دیر تک منہ اور ناک سے دھواں نکلتا رہتا ہے اور یہی وجہ ہے کہ لوگ اسے کھاکر ویڈیو بناکر ٹک ٹاک پر پوسٹ کررہے ہیں، مائع نائٹروجن کی موجودگی سے اب تک کئی بچے غذائی سمیت معدے کی جلن اور دیگر امراض کے شکار ہوچکے ہیں۔

انڈونیشیا کی سڑکوں پر ٹافیوں اور کھانے کی اشیا کو مائع نائٹروجن میں ڈبوکر فروخت کیا جا رہا ہے جس سے اب تک دو درجن بچے متاثر ہوچکے ہیں، مقامی افراد اسے ’چکی بیولس‘ کے نام سے پکارتے ہیں۔

انڈونیشیا کے طبی ماہرین نے کہا ہے کہ مائع نائٹروجن سانس اور معدے کی نالیوں میں شدید جلن پیدا کرسکتی ہے اور اس سے موت بھی واقع ہوسکتی ہے۔

ماہرین نے حکومت سے کہا ہے کہ اژدھے کی سانس والی مٹھائی پر مکمل پابندی عائد کی جائے اور انہوں نے اس ضمن میں والدین کو بھی محتاط رہنے کا مشورہ دیا ہے کہ وہ اپنے بچوں پر ضرور نظر رکھیں۔
 

Advertisement