اسلام آباد : (ویب ڈیسک ) قومی ادارہ برائے صحت نے صوبائی دارالحکومت لاہور کے ماحولیاتی نمونوں میں دوسری بار پولیو وائرس کی تصدیق کردی۔
قومی ادارہ برائے صحت اسلام آباد کے مطابق 16 جنوری کو ملتان روڈ کے علاقے میں سیوریج کے پانی میں پولیو وائرس پایا گیا ہے ، سیوریج کے پانی میں پایا جانے والا پولیو وائرس جنوبی وزیرستان سے آیا۔
اس سے قبل 2 جنوری کو گلشن راوی لاہور سے لیے گئے ماحولیاتی نمونوں میں بھی پولیو وائرس پایا گیا تھا۔
یاد رہے کہ پاکستان میں رواں برس ابھی تک پولیو کا کوئی بھی کیس رپورٹ نہیں ہوا ہے ۔
واضح رہے کہ دنیا میں پاکستان اور افغانستان ہی وہ 2 ممالک ہیں جہاں یہ وائرس اب بھی موجود ہے ، سال 2022 میں ملک میں 20 بچے اس وائرس سے مفلوج ہوئے ، جن کا تعلق خیبر پختونخوا کے جنوبی اضلاع سے تھا۔
خطرناک وائرس سے متاثر 20 بچوں میں سے 17 کا تعلق شمالی وزیرستان، دو کا لکی مروت اور ایک کا جنوبی وزیرستان سے تھا۔