جینیوا: (ویب ڈیسک ) عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او ) نے اعلان کیا ہے کہ کوویڈ 19 اب بین الاقوامی تشویش کی پبلک ہیلتھ ایمرجنسی نہیں رہا ہے۔
جاپانی خبررساں ادارے نے عالمی ادارہ صحت کےڈائریکٹر جنرل ٹیدروس ایڈہانوم گیبریسس کے حوالے سے بتایا ہے کہ ایمرجنسی، ہنگامی کمیٹی کے مشورے کی بنیاد پر ختم کی گئی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ کوویڈ 19 اب بھی خطرہ ضرور ہے، کیونکہ اس وائرس نے گزشتہ ہفتے ہر تین منٹ میں ایک انسانی جان لی ہے۔
عالمی ادارہ صحت کے سربراہ نے وائرس میں نئی تبدیلیوں اور متاثرین میں اضافے کے امکانات کا بھی حوالہ دیا۔
عالمی ادارے نے جنوری 2020 میں کوورونا وائرس سے متعلق اپنی بلند ترین سطح کا انتباہ جاری کیا تھا۔
واضح رہے کہ اب تک دنیا بھر میں کورونا وائرس کے 70 کروڑ سے زیادہ متاثرین کی تصدیق ہو چکی ہے اور 70 لاکھ کے قریب لوگ جان سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں ۔