اسلام آباد: (دنیا نیوز) نگران وفاقی وزیر صحت ڈاکٹر ندیم جان نے کہا صحت کے شعبے میں کوالٹی آف سروس کا سنگ بنیاد میرا مشن ہے۔
نگران وفاقی وزیر صحت ڈاکٹر ندیم جان سے آسٹریلیا کے ہائی کمشنر نے ملاقات کی، ملاقات کے دوران ہائی کمشنر نے وزیر صحت کو عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دی، ہائی کمشنر نے حکومت پاکستان کی جانب سے عالمی شہرت یافتہ ماہر صحت کی تعیناتی پر مسرت کا اظہار کیا، انہوں نے کہا آسٹریلیا پاکستان کے ساتھ اپنے تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔
ڈاکٹر ندیم جان نے کہا دونوں ممالک کے درمیان خوشگوار تعلقات ہیں، ہائی کمشنر نے کہا آسٹریلیا میں ایک لاکھ پاکستانی مقیم ہیں جس میں 15 ہزار طالبعلم ہیں، نگران وزیر صحت نے صحت کے شعبے میں اپنی ترجیحات بارے آگاہ کرتے ہوئے کہا نگران وزیراعظم کے ویژن کے مطابق قلیل مدت میں صحت کے شعبہ کی بہتری کیلئے جامع منصوبہ پر عمل پیرا ہیں۔
ڈاکٹر ندیم جان نے مزید کہا نگران کابینہ کے تمام ارکان اپنے شعبے میں ماہر ہیں، مصمم ارادے کے ساتھ وزیر اعظم کی قیادت میں اپنی خدمات انجام دے رہے ہیں، صحت کے شعبے میں کوالٹی آف سروس کا سنگ بنیاد میرا مشن ہے، مشن کی تکمیل کیلئے دو سو فیصد اپنی صلاحیتیں بروئے کار لا رہا ہوں۔
نگران وزیر صحت نے کہا گلوبل ہیلتھ سکیورٹی سمٹ کا پاکستان میں انعقاد کیا جارہا ہے، گلوبل ہیلتھ سکیورٹی کے حوالے سے پاکستان کی کوششوں اور کردار عالمی سطح پر تسلیم کیا جاتا ہے، دنیا بھر سے صحت کے اعلیٰ ترین ماہرین اور مندوبین اس کانفرنس میں شرکت کریں گے، ملک کے اندر وبائی امراض سے بچاؤ کے نظام کو تقویت ملے گی۔
ڈاکٹر ندیم جان نے کہا وبائی امراض کے پھیلاؤ کے حوالے سے شریک ممالک ایک دوسرے کے تجربات سے استفادہ حاصل کریں گے، گلوبل ہیلتھ سکیورٹی ایجنڈے کی تکمیل کیلئے بارڈر ہیلتھ سروس کے نظام کو مضبوط بنا رہا ہوں، پولیو کے خاتمے کیلئے مربوط جامع ٹارگٹڈ حکمت عملی تشکیل دی ہے۔