جڑواں شہروں میں ڈینگی کے وار تھم نہ سکے، مزید 62 کیسز رپورٹ

Published On 16 September,2023 11:50 am

اسلام آباد: (دنیانیوز) وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور راولپنڈی میں ڈینگی کے وار مسلسل جاری ہیں ، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران اسلام اباد میں ڈینگی کےمزید35 اور راولپنڈی میں 27 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں ۔

ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران اسلام اباد میں ڈینگی کےمزید 35 کیسز رپورٹ ہونے کے بعد متاثرہ مریضوں کی مجموعی تعداد 438ہوگئی ہے ۔

ڈی ایچ او کے مطابق رواں سیزن ڈینگی سے متاثرہونے والے مریضوں میں 69 فیصد مرد جبکہ 31 فیصد خواتین ہیں ، اسلام آباد کے دیہی علاقوں میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 24 اور شہری علاقوں میں مزید 11مریض رپورٹ ہوئے ہیں ۔

ڈی ایچ او کے مطابق اسلام آباد کے دیہی علاقوں میں ڈینگی کیسز کی مجموعی تعداد 299ہو گئی جبکہ اسلام آباد کے شہری علاقوں میں ڈینگی سے اب تک 139 افراد متاثرہیں ۔

راولپنڈی میں بھی ڈینگی کیسز میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے جہاں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 27 افراد میں ڈینگی وائرس کی تصدیق ہوئی ہے جس کے بعد شہر میں وائرس سے متاثرہ مریضوں کی تعداد 562 ہو گئی ہے ۔

ڈینگی سے متاثرہ 46 مریض راولپنڈی کے مختلف ہسپتالوں میں داخل ہوئے جن میں سے 4 کی حالت تشویشناک ہے ۔

راولپنڈی میں گذشتہ 24 گھنٹے میں ڈینگی ایس او پی کی خلاف ورزی پر 52 مقدمات درج کیے گئے اور 2 عمارتوں کو سیل کیا گیا جبکہ ایک لاکھ 88 ہزار روپے جرمانے کیے گئے۔