پاکستان سمیت دنیا بھر میں آج پولیو سے بچاؤ کا دن منایا جا رہا ہے

Published On 24 October,2023 09:22 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان سمیت دنیا بھر میں آج پولیو سے بچاؤ کا دن منایا جا رہا ہے، بدقسمتی سے پاکستان ان 2 ممالک میں شامل ہے جہاں پولیو جیسے موذی مرض پر اب تک قابو نہیں پایا جا سکا۔

تفصیلات کے مطابق دنیا بھر میں پولیو کا خاتمہ ہو گیا تاہم پاکستان میں رواں سال بھی پولیو کیسسز رپورٹ ہو رہے ہیں، رواں سال کے دوران اب تک پولیو کے 4 کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں جن میں سے 3 خیبر پختونخوا اور ایک سندھ میں رپورٹ ہوا۔

دوسری جانب لاہور، راولپنڈی، کراچی، چمن، بنوں اور لکی مروت سمیت چاروں صوبوں کے مختلف اضلاع میں 50 سے زائد ماحولیاتی نمونوں میں پولیو وائرس کی تصدیق ہوئی ہے، پاکستان میں سال 2020ء میں 84، 2021ء میں 1، 2022ء میں 20 پولیو کیسز رپورٹ ہوئے۔

پولیو ورکرز کا کہنا ہے کہ وہ اپنی جان کی بازی لگا کر بچوں کو قطرے پلانے نکلتی ہیں تاہم انہیں بہت سی مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

خیال رہے کہ رواں سال پولیو کے خاتمے کیلئے ملک گیر مہم چلائی جا رہی ہیں تاہم ضروری ہے کہ پولیو کے خاتمے کیلئے ہر فرد احساس ذمہ داری بھی دکھائے۔