سندھ میں انفلوئنزا وبائی شکل اختیار کرگیا، 16 ہزار سے زائد کیسز رپورٹ

Published On 09 November,2023 11:45 pm

کراچی: (دنیا نیوز) سندھ میں انفلوئنزا وائرس وبائی شکل اختیار کرگیا ہے جہاں گزشتہ 7 روز میں 16 ہزار سے زائد کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق موسم کی بدلتی رت کے ساتھ ہی شہر قائد میں انفلوئنزا وائرس وبائی شکل اختیار کر گیا، نزلہ، کھانسی، بخار، ڈائریا اور جسم میں شدید درد اس کی ابتدائی علامات ہیں۔

قومی ادارہ صحت کی رپورٹ کے مطابق صرف 7 روز میں سندھ میں انفلوئنزا کے 16 ہزار سے زائد کیسز رپورٹ ہوئے جن میں 12 ہزار 600 سے زائد 5 سال سے کم عمر بچے بھی شدید متاثر ہوئے، اس حوالے سے ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ موسمی تبدیلی کے باعث یہ وائرس جنم لیتا ہے، ایسے میں احتیاط کی ضرورت ہے۔

ماہرین صحت کے مطابق انفلوئنزا وائرس سے بچنے کیلئے قوت مدافعت کو مضبوط کرنا ضروری ہے، بچے، بوڑھے سب اپنی خوراک کا خیال رکھیں۔

طبی ماہرین کہتے ہیں کہ انفلوئنزا وائرس سے بچنے کیلئے صفائی کا خاص خیال رکھا جائے، کسی کے برتن یا کپڑے استعمال نہ کیے جائیں، اگر کسی کو نزلہ اور کھانسی ہو تو اس سے فاصلہ رکھا جائے یا پھر ماسک کا استعمال کیا جائے۔