پشاور : (ویب ڈیسک ) ماہرین صحت نے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا میں زکام،بخاروبائی شکل اختیار کرگیا ہے، صوبے میں 3لاکھ 25ہزار 289مریض سامنے آئے ہیں۔
خیبر پختونخوا میں زکام، بخار،سینے اور سانس کی شدید تکلیف کے کیسز بڑھنے پر ماہرین صحت نے وارننگ جاری کر دی ہے۔
ماہرین صحت کے مطابق رواں سال انفلوئنزا، بخار، سینے اور سانس کے 3لاکھ 2289کیس سامنے آئے ہیں، یہ وائرس ہر عمر اور علاقے کے لوگوں کو نشانہ بنارہا ہے ، نومبر کے ابتدائی چند ایام میں وائرس سے متاثرہ 13ہزار 308کیس سامنےآئے ہیں۔
ماہرین صحت نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ صوبے میں درجہ حرارت میں مزید کمی سے یہ وائرس وبائی صورتحال اختیار کر سکتا ہے ، صوبہ بھر کے ہسپتالوں کو مریضوں میں اضافے کے لیے تیار رہنے اور ہنگامی ادویات تیاررکھنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ زکام چند دن میں سینے کی شدید تکلیف اور سانس کی بندش کی شکل اختیار کر سکتا ہے اس لیے زکام سے متاثرافراد گھر میں زیادہ وقت گزاریں اور شہری ہر چند گھنٹے بعد ہاتھ صابن سے دھوئیں اور بیمار افراد سے دور رہیں۔