کراچی :(دنیا نیوز) شہر قائد کی باہمت فارما سسٹ خاتون نے موٹر سائیکل کو ہی میڈیکل سٹور بنا لیا۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ثناء احسان کا کہنا تھا کہ میرے پاس سرمایہ کم تھا اور فارماسسٹ کی ڈگری مکمل کرنے کے بعد میرے پاس استطاعت نہیں تھی کہ اپنا میڈیکل سٹور بنا سکوں ، لہٰذا میں نے اپنی ڈگری کا فائدہ اٹھانے کے ساتھ روزگار کے حصول کیلئے اپنے موٹر سائیکل کو ہی میڈیکل سٹور بنا لیا ۔
ثناء احسان نے بتایا کہ وہ موبائل پر آن لائن ایپ کے ذریعے مختلف علاقوں کے شہریوں کی ادویات کا آرڈر لے کر انہیں گھر کی دہلیز پر ادویات پہنچاتی ہیں، جن لوگوں کو ادویات کی ضرورت ہوتی ہے وہ سماجی رابطے کی سائٹ واٹس اپ پر بھی اپنی ضرورت کے مطابق آرڈر بک کرا دیتے ہیں۔
ایک سوال کے جواب خاتون فارماسسٹ نے شکایت کرتے ہوئے کہا کہ زیادہ تر ميڈيکل سٹورز پر غير تربيت يافتہ عملہ ہی تعينات ہوتا ہے، جس سے ادویات کی خریداری اور گاہک کی ڈیمانڈ کردہ کمپنی کی دوا کیلئے انہیں مشکلات کا سامنا بھی کرنا پڑتا ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ وہ مستقبل میں اپنی محنت کے بل بوتے پر ایک میڈیکل سٹور کھولنے کی خواہش رکھتی ہے، انہیں یقین ہے کہ ایک دن اُن کا یہ خواب ضرور پورا ہوگا۔