کبیر والا میں خسرہ اور چکن پاکس کی وبا پھیل گئی، میڈیکل ٹیموں کی تصدیق

Published On 23 May,2024 07:49 pm

کبیروالا:(ویب ڈیسک ) خسرہ اور چکن پاکس کی وبا پھوٹنے سے 6 بچے جان کی بازی ہار گئے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق  پنجاب کے علاقے کبیروالا کا نواحی علاقہ سیداں خسرہ اور چکن پاکس کی وبا سے متاثرہ ہوا ہے ، جہاں موذی امراض نے بہت سے بچوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے ۔

ڈپٹی ڈی ایچ او ڈاکٹرعالم شیرنےمیڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ  محکمہ صحت اور ڈبلیوایچ اوکی ٹیمیں متاثرہ علاقہ میں پہنچ گئی ہیں، میڈیکل ٹیم کے مطابق متاثرہ علاقےمیں چکن پاکس کی وبا پائی گئی ہے، جبکہ خسرہ سےمتاثرہ ایک بچہ ملا جسےہسپتال منتقل کردیا ہے۔

ڈاکٹرعالم شیرکا مزید کہنا تھا کہ موذی مرض سے بچوں کی ہلاکتوں کےبارے میں ابھی تک کوئی مصدقہ اطلاعات موصول نہیں ہوئی ، میڈیکل ٹیم معلومات اکٹھی کررہی ہیں ۔

واضح رہے طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ جب کسی شخص کے جسم پر چکن پوکس کے دانے نمودار ہو جاتے ہیں تو اسے بخار یا سر درد بھی ہو سکتا ہے، اضافی علامات میں متلی، اسہال، پیٹ کی خرابی اور سردی لگنا بھی شامل ہے۔