اوباڑو: (دنیانیوز) اوباڑو تحصیل میں خسرہ کی وبا سنگین ہوچکی ہے ، دو ماہ کے دوران 5 بچے خسرہ کے باعث دم توڑ گئے۔
تفصیلات کے مطابق اہل علاقہ کا بتانا ہے کہ جاں بحق ہونیوالوں میں گاؤں صوفی عبدالرحمن کے 2بہن بھائی بھی شامل ہیں، اہل علاقہ نے مطالبہ کیا کہ محکمہ صحت سندھ نوٹس لے کر خسرہ کے خلاف اقدامات اٹھائے۔
واضح رہے کہ 21 فروری کو عالمی ادارہ صحت نے خبردار کیا تھا کہ اگر فوری اقدامات نہ کیے گئے تو سال کے آخر تک دنیا کے نصف سے زیادہ ممالک کو خسرہ کی وبا کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
خسرہ کیا ہے؟
خسرہ کی بیماری کسی انفیکشن یا وائرس کے باعث ہوتی ہے، یہ بیماری عام طور پر سردیوں کے اختتام یا پھر موسم بہار کے آغاز میں ہوتی ہے۔
خسرہ کی بیماری کے ساتھ جب کوئی مریض کھانستا یا چھینک مارتا ہے تو متاثرہ شخص کے نہایت چھوٹے آلودہ قطرے پھیل کر ارد گرد کی اشیا پر گر جاتے ہیں اور یہ بیماری ہوا اور سانس لینے سے پھیلتی ہے، جس وجہ سے ایک مریض متعدد افراد کو متاثر کر سکتا ہے۔
خسرہ کی علامات
خسرہ کی علامات میں شدید بخار کے ساتھ کھانسی، ناک اور آنکھوں سے پانی بہتا شامل ہے، خسرہ میں سرخ دانے چہرے اور گردن کےاوپر نمودار ہوتے ہیں اور پھر جسم کے دوسرے حصوں میں منتقل ہو جاتے ہیں۔
عالمی ادارہ صحت کے اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ سال کیسز 79 فیصد بڑھ کر 3 لاکھ سے زیادہ ہو گئے تھے، جن کے بارے میں خیال کیا جاتا ہے کہ یہ کل تعداد کا صرف ایک حصہ ہے۔