پنجاب میں پولیو کا پہلا کیس سامنے آنے پر محکمہ صحت متحرک، ہنگامی اجلاس طلب

Published On 05 August,2024 08:04 pm

لاہور: (دنیا نیوز) وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر صوبہ میں پولیو کا پہلا کیس سامنے آنے پر محکمہ صحت متحرک ہوگیا۔

صوبائی وزیر صحت خواجہ عمران نذیر نے صوبہ کے تمام سی ای اوز ہیلتھ، ڈی ایچ اوز، ڈی ڈی ایچ اوز، آئی آر ایم این سی ایچ کا ہنگامی اجلاس طلب کرلیا، سیکرٹری صحت علی جان خان کی جانب سے چکوال سے پولیو کیس رپورٹ ہونے پر تفصیلی بریفنگ دی۔

صوبائی وزیر صحت خواجہ عمران نذیر نے کہا کہ پنجاب میں پولیو کا پہلا کیس سامنے آنا لمحہ فکریہ ہے، پولیو کا خاتمہ ہمارے لئے چیلنج ہے، انشاءاللہ ختم کرنے پر دم لیں گے۔

خواجہ عمران نذیر نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف نے پولیو سمیت متعدی امراض کے خاتمے کے لئے ہر ممکن وسائل کا یقین دلایا ہے، تمام سی ای اوز ہیلتھ اپنے اضلاع میں پولیو، دیگر وبائی امراض کو ہر شام ریویو میٹنگز کا باقاعدہ حصہ بنائیں۔

یہ بھی پڑھیں: پنجاب سے رواں برس پولیو وائرس کا پہلا کیس رپورٹ

صوبائی وزیر صحت نے مزید کہا کہ پولیو کے خاتمے کے لئے وولنٹیرز کی خدمات، پبلک پرائیوٹ پارٹنرشپ کا نظام اپنانا پڑے گا، پنجاب میں صحت کے انڈیکیٹرز دوسرے صوبوں سے بہت بہتر ہیں، پولیو کی ٹیموں کی بہتر سلیکشن کرکے فیلڈ میں اتاریں۔

اجلاس میں سپیشل سیکرٹری محمد اقبال، ایڈشنل سیکرٹری خضرافضال، ایڈیشنل سیکرٹری ورٹیکل پروگرام بابر رحمان، ڈی جی ہیلتھ سروسز ڈاکٹر الیاس گوندل، ڈائریکٹر ای پی آئی ڈاکٹر مختار اعوان، پی ڈی آئی آر ایم این سی ایچ ڈاکٹر خلیل سخانی نے شرکت کی جبکہ تمام سی ای اوز، ڈی ایچ اوز، ڈی ڈی ایچ آوز بزریعہ ویڈیو لنک اجلاس میں موجود تھے۔