کراچی: (دنیا نیوز) جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ کراچی پر ایک ہی روز میں منکی پاکس کا تیسرا مشتبہ کیس سامنے آگیا۔
ذرائع کے مطابق دبئی سے کراچی آنے والی پرواز کی خاتون مسافر میں منکی پاکس کی علامات ظاہر ہوئیں، 18 سالہ لڑکی غیر ملکی پرواز کے ذریعے دبئی سے کراچی پہنچی ہے، ایک ہی دن میں کراچی ایئر پورٹ پر منکی پاکس کا یہ تیسرا کیس ہے۔
ذرائع نے بتایا ہے کہ خاتون مسافر کو سندھ حکومت کے انفیکشن ڈیزز ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے، ٹیسٹ کے رزلٹ آنے تک متاثرین کو ہسپتال کے آئیسولیشن وارڈ میں رکھا جائے گا۔
ایئرپورٹ ذرائع نے مزید بتایا ہے کہ اس سے قبل سعودی عرب سے آنے والے دو مسافروں میں منکی پاکس کی علامات ظاہر ہوئی تھیں۔