سال 2024: مریم حکومت اور ہیلتھ سیکٹر

Published On 21 December,2024 10:59 am

لاہور: (سجاد حسین) حکومت پنجاب کی دیگر اداروں کے ساتھ ساتھ ہیلتھ سیکٹر پر بھی خاص نظر ہے، وزیراعلیٰ مریم نواز کی خصوصی دلچسپی سے عوام کو دہلیز پر صحت کی سہولیات دینے کا سلسلہ جاری ہے۔

سال 2024 میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایات پر پنجاب میں صحت کے متعدد منصوبے شروع کئے گئے، ادویات مریض کی دہلیز پر پہنچانے سے لیکر نواز شریف کینسر ہسپتال کے سنگ بنیاد تک ہر شعبے پر دھیان دیا گیا۔

شوگر کے شکار بچوں کی پہلی بار رجسٹریشن، 25 سو بنیادی مراکز صحت کی بحالی، کلینک آن ویلز جیسے منصوبوں میں محکمہ پرائمری ہیلتھ نے اہم کردار ادا کیا۔

کلینک آن ویلز، فیلڈ ہسپتال ہیلتھ ویک کے ذریعے 63 لاکھ شہریوں کو صحت کی سہولیات فراہم کی گئی ہیں جبکہ پہلی بار شوگر کے شکار بچوں کے فری علاج کے تحت رجسٹریشن شروع کی گئی، اربن اور رورل دونوں جگہوں پر بنیادی مراکز صحت کی بحالی کا کام بھی 2024 میں سر انجام دیا گیا۔

صوبے کے 25 سو بنیادی مراکز صحت کی ری ریمپنگ کا کام جاری ہے جبکہ 300 سے زائد دیہی مراکز صحت کی ری ویمپنگ میں نئے فرنیچر سے تزئین و آرائش کی جا رہی ہے تاہم فرنیچر کے علاوہ بائیو، نان بائیو میڈیکل آلات بھی فراہم کیے جارہے ہیں۔

پنجاب بھر میں فری میڈیسن ہوم ڈیلیوری پروگرام بھی جاری ہے، ہیپاٹائٹس اور ٹی بی کے 10 ہزار سے زائد مریضوں کو گھروں میں دوائیاں پہنچائی جا چکی ہیں اور کلینک آن ویلز کے تحت 50 لاکھ افراد کی چیکنگ مکمل کی جا چکی ہے۔

ہسپتال پراجیکٹ پر 8 لاکھ اور ہیلتھ ویک میں ساڑھے 5 لاکھ سے زائد افراد کی بلڈ سکریننگ مکمل کی جا چکی ہے۔

صوبائی وزیرصحت خواجہ عمران نذیر کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ وزیر اعلیٰ مریم نواز کی قیادت میں بہت کم عرصے میں ہیلتھ سیکٹر نے کافی ترقی کی ہے، صحت کی سہولت آپ کی دہلیز پر کے مطابق مریضوں کو خدمات دے رہے ہیں۔

وزیراعلیٰ مریم نواز کی محکمہ صحت پر ایسی ہی توجہ رہی تو آنے والے سال کے دوران پنجاب کے 12 کروڑ عوام کو صحت کی مزید سہولیات مل سکیں گی۔