لاہور: (دنیا نیوز) میو ہسپتال میں غلط انجکشن سے مریضوں کی ہلاکت کے معاملے پر نرسز اور ڈاکٹرز سے انکوائری مکمل کر لی گئی۔
محکمہ صحت کی 7 رکنی انکوائری کمیٹی نے انکوائری مکمل کی، انکوائری کمیٹی کی تحقیقات اور یقینی قانونی کارروائی سے نرسز بوکھلاہٹ کا شکار ہو گئیں، کوتاہی و غفلت کو چھپانے کیلئے نرسز نے احتجاج کا سہارا لینے کا اعلان کر دیا۔
انکوائری میں کارروائی کے خوف سے ینگ نرسز کے گروپس میں احتجاج کیلئے الرٹ رہنے کا میسج وائرل ہو گیا، ینگ نرسز ایسوسی ایشن کی صدر کے وائس میسج دنیا نیوز کو موصول ہو گئے، وائس میسج میں نرسز انجکشن لگانے کا معاملہ فارماسسٹ، ہسپتال انتظامیہ اور پنجاب حکومت پر ڈالنے لگیں۔
وائرل میسج کے مطابق انجکشن لگانے والا ذمہ دار نہیں ہے، پہلے بھی انجکشن لگانے کے معاملے پر اقصٰی نرس گرفتار ہوئی تھی، مزید گرفتار نہیں ہونے دینگے، انکوائری کمیٹی میں قصور وار نرسز کو ٹھہرایا جائے گا، ہم ایسا نہیں ہونے دینگے اور بھرپور مزاحمت کرینگے۔
ذرائع کے مطابق نرسز کو شبہ ہے کہ انکوائری میں یہ قصوروار ہیں اور انکے خلاف ایف آئی آر سمیت گرفتاریاں ہونگی۔