بیجنگ: (دنیا نیوز) وزیراعظم شہباز شریف نے ملک میں چین کی طرز پر جدید ٹیکنالوجی کے حامل ہسپتال اور طبی سہولیات متعارف کرانے کی ہدایت کر دی۔
شہباز شریف نے اپنے دورۂ چین کے دوران بیجنگ کے آنژن ہسپتال کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے دستیاب سہولیات، جدید ٹیکنالوجی اور مؤثر نظام کا معائنہ کیا، اس موقع پر انہوں نے ہسپتال کی بہترین خدمات اور جدید طرزِ علاج کی فراہمی پر انتظامیہ کو سراہا۔
وزیراعظم کو آنژن ہسپتال میں استعمال ہونے والی روبوٹک ٹیکنالوجی اور دیگر جدید سہولیات کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی، جہاں انہوں نے وزیر داخلہ محسن نقوی کو ہدایت دی کہ اسلام آباد میں زیر تعمیر منصوبوں، بالخصوص جناح میڈیکل کمپلیکس اور دیگر ہسپتالوں میں آنژن ہسپتال کی طرز پر سادہ، مضبوط اور پائیدار انفراسٹرکچر قائم کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں زیر تعمیر ہسپتالوں میں چین کی طرز پر معیاری سہولیات کی فراہمی کو ہر صورت ترجیح دی جائے۔
وزیراعظم کے اس دورے میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار، وزیر داخلہ سید محسن رضا نقوی، وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی ڈاکٹر احسن اقبال، وزیر خزانہ محمد اورنگزیب، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ اور اعلیٰ حکومتی افسران بھی شریک تھے۔