پاکستان خطے کو متحد رکھنے کیلئے کردار ادا کرے گا، آرمی چیف

Last Updated On 24 April,2018 10:46 pm

راولپنڈی: (دنیا نیوز) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ تقسیم کرنے کے بجائے پاکستان خطے کو متحد رکھنے کیلئے اپنا کردار ادا کرے گا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سرکاری دورے پر روس پہنچ گئے ہیں۔ آرمی چیف نے رشین فیڈریشن کی بری فوج کے کمانڈر کرنل جنرل اولیگ سے ملاقات کی۔

اس موقع پر آرمی چیف کا کہنا تھا کہ روس نے خطے میں مشکل صورتحال کو بہتر کرنے میں مثبت کردار ادا کیا۔ پاکستان مسائل کو خطے سے دور رکھنے کیلئے اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔ تقسیم کرنے کے بجائے پاکستان خطے کو متحد رکھنے کیلئے کردار ادا کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان بھی دونوں ممالک کی مسلح افواج کے درمیان تعلقات بڑھانے میں دلچسپی رکھتا ہے۔

روسی کمانڈر نے دہشتگردی کیخلاف پاک فوج کی کامیابیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ جیو سٹریٹیجک کے لحاظ سے پاکستان خطے کا اہم ملک ہے۔ روس دونوں ممالک کی مسلح افواج کے درمیان موجودہ تعلقات کو مزید بڑھانا چاہتا ہے۔ آرمی چیف نے روسی کمانڈر کا شکریہ ادا کیا۔
 

Advertisement