راولپنڈی: (دنیا نیوز) پرویز رشید کا کہنا ہے کہ اعتزازاحسن اڈیالہ جیل میں آکر نواز شریف سے اپنے الفاظ کی معافی مانگیں تو ان کی حمایت پر غور کریں گے، نواز شریف، قمر الاسلام، حنیف عباسی کو آزادی سے محروم رکھنا نا انصافی ہے، مسلم لیگی کارکن ساتھیوں کی آزادی کی کوشش کر رہے ہیں۔
سابق وفاقی وزیراطلاعات پروپز رشید کی اڈیالہ جیل کے باہر گفتگو کرتے ہوئے کہا انتخابی نتائج میں عوام نے چودھری نثار کو رد کر دیا، ن لیگ نے صدارتی امیدوار کا تاحال فیصلہ نہیں کیا، اتحادی جماعتوں سے صدر کے نام پر مشاورت جاری ہے۔ انہوں نے کہا اگر حزب اختلاف صدراتی امیدوار کے لیے ایک نام پر رضامند ہوجائے تو اچھا ہے۔
ادھر سابق وزیراعظم نواز شریف اور ان کی صاحبزادی مریم نواز سے 47 مسلم لیگی رہنماؤں کو ملاقات کی اجازت مل گئی۔ ملاقاتیوں کی فہرست میں عباس شریف اور حارث بٹ کی فیملی کا نام شامل ہے۔ لیگی رہنماؤں میں پرویز رشید، دانیال عزیز، مصدق ملک، ظفرالحق، مریم اورنگزیب اور عرفان صدیقی کا نام بھی فہرست میں شامل ہے۔
سابق وفاقی وزیر خارجہ خواجہ آصف، پیر امین الحسنات، لیگی رہنما دانیال عزیز اور مرزا جاوید نواز شریف سے ملاقات کے لئے اڈیالہ جیل پہنچ گئے۔ اس موقع پر خواجہ آصف کا کہنا تھا دو دن ملنے نہیں دیا گیا، آج ملاقات کے لیے آیا ہوں، صدر کی نامزدگی اور تحریک کے بارے کوئی بات نہیں کروں گا۔