اسلام آباد: (دنیا نیوز) جرمن چانسلر اینگلا مرکل نے وزیرِاعظم عمران خان کو ٹیلی فون کر کے انھیں منصب سنبھالنے پر مبارکباد دی۔ عمران خان نے کہا ہے کہ بھارت کے ساتھ جامع مذاکرات کی بحالی سے ہی تمام تصفیہ طلب معاملات اور خطے میں امن عمل ممکن ہے۔
ترجمان وزیرِاعظم ہاؤس کے مطابق وزیرِاعظم عمران خان نے خطے میں امن و امان کے حوالے سے جرمن چانسلر سے تبادلہ خیال کیا۔ وزیرِاعظم نے افغانستان کی صورتحال اور بھارت کے رویہ سے بھی جرمن چانسلر کو آگاہ کیا۔
جرمن چانسلر نے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو مزید فروغ دینے پر زور دیا اور اس امید کا اظہار کیا کہ موجودہ دور میں دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کو فروغ ملے گا۔
وزیرِاعظم عمران خان نے بھی جرمنی کے ساتھ وسیع البنیاد طویل المدت شراکت داری کی خواہش کا اظہار کیا اور کہا کہ یورپ میں جرمنی پاکستان کا سب سے بڑا تجارتی پارٹنر ہے اور توقع ہے کہ آنے والے دنوں میں یہ پارٹنر شپ مزید مضبوط اور مستحکم ہو گی۔
وزیرِاعظم عمران خان نے کہا کہ پاکستان اور جرمنی کے درمیان توانائی، پن بجلی اور آٹو موبائل شعبے میں تعاون کو فروغ دیا جانا چاہیے۔ انہوں نے جرمن چانسلر کو خطے کی صورتحال سے بھی آگاہ کیا۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ پاکستان افغان مسئلے کا پرامن حال چاہتا ہے اور بھارت کیساتھ بھی تنازعات کو بھی پرامن انداز میں حل کرنے کا خواہشمند ہے کیونکہ دونوں ملکوں کے درمیان تمام مسائل کے حل کیلئے جامع مذاکرات کی بحالی سے ہی خطے کا امن جڑا ہوا ہے۔