1973ء کا آئین قومی اتحاد کا ضامن ہے، قبلہ ایاز

Last Updated On 14 February,2019 07:37 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) چئیرمین اسلامی نظریاتی کونسل ڈاکٹر قبلہ ایاز کا کہنا ہے کہ 1973ء کا آئین قومی اتحاد کا ضامن ہے، اگر آئین کی بنیادی روح کو چھیڑا گیا تو ملک کی سلامتی کو بھی خطرات لاحق ہو سکتے ہیں۔ آئین اقلیتوں کو نجی امور اپنے مذہب کے مطابق حل کرنے کی اجازت دیتا ہے۔

 

لاہور میں ادارہ امن و تعلیم اور اسلامی نظریاتی کونسل کے اشتراک سے منعقدہ ایک روزہ قومی امن کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اسلامی نظریاتی کونسل میں کبھی کوئی ایسا بل نہیں آیا جو امن کے خلاف ہو، جہاں آئین میں اسلامی نظام کے نفاذ کی گنجائش نہیں وہاں انتشار پھیلا ہے۔

پاکستان میں ایسا کچھ نہیں ہے، یہاں سب علما کو ساتھ لے کر چلا گیا۔ بد قسمتی ہے کہ بحیثیت ریاست قوم کو آئین سمجھانے میں کامیاب نہیں ہو سکے۔ آئین پاکستان اقلیتوں کو مکمل آزادی اور حفاظت کی ضمانت دیتا ہے۔

تقریب میں صوبائی وزیر انسانی حقوق واقلیتی امور اعجاز عالم آگسٹین، صوبائی وزیر آبپاشی سردار محسن لغاری، صوبائی مشیر مذہبی امور پنجاب سید رفاقت علی گیلانی، جید علما کرام سمیت اقلیتی مذہبی شخصیات نے بھی شرکت کی۔

تمام مقررین کی جانب سے کانفرنس کو مذہبی ہم آہنگی،پرامن اور خوشحال معاشرے کی تعمیر کی جانب ایک بنیادی قدم قرار دیا گیا۔
 

Advertisement