اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ وہ ادارہ جو مسلمانوں کی آواز ہے، اس میں مسلمانوں پر مظالم کرنے والے کو بلانا مناسب نہیں، متحدہ عرب امارات اپنے فیصلے پر نظر ثانی کرے۔
بھارتی وزیر خارجہ کو او آئی سی اجلاس میں شرکت کی دعوت دینے پر شاہ محمود قریشی نے متحدہ عرب امارت کے ہم منصب کو فون کر کے فیصلہ واپس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا کہ کل تک تو صرف ایک غیر رکن ملک کو بغیر مشاورت اجلاس میں بلانے کا معاملہ تھا۔ او آئی سی کے بانی ملک کے خلاف جارحیت سے صورتحال تبدیل ہو گئی ہے۔
شاہ محمود قریشی نے بتایا کہ مختلف او آئی سی ممالک سے رابطہ کر کے آگاہ کر دیا ہے کہ بھارت کی اسلامی ممالک کی نمائندہ تنظیم کے اجلاس میں شرکت قبول نہیں ہے۔