زلمے خلیل زاد کی وزارت خارجہ آمد، وفود کی سطح پر پاک امریکا مذاکرات

Last Updated On 29 April,2019 06:10 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) افغان امن کیلئے کوششوں میں تیزی آگئی، امریکی نمائندہ خصوصی زلمے خلیل زاد کی وفد کے ہمراہ وزارت خارجہ آمد، وفود کی سطح پر پاک امریکہ مذاکرات جاری ہیں۔

 معاون امریکی وزیر امور خارجہ ایلس ویلز بھی وفد کے ہمراہ ہیں، وزارت خارجہ پہنچنے پر وزارت خارجہ کے اعلیٰ حکام نے معزز مہمانوں کا خیر مقدم کیا۔ پاک امریکا مذاکرات میں دو طرفہ تعلقات اور افغان مفاہمتی عمل پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

ادھر افغانستان کیلئے امریکہ کے خصوصی نمائندے زلمے خلیل زاد نے کہا ہے کہ طالبان کے ساتھ امن معاہدے کا انحصار مستقل جنگ بندی اور طویل عرصہ سے جاری لڑائی کے خاتمے کے وعدے پر ہوگا۔ طالبان کے مطالبات کا محور صرف امریکی فوج کا انخلا ہے جبکہ ہمارا دھیان دہشتگردی پر ہے۔ طالبان نے مستقل جنگ بندی کے معاہدے اور لڑائی کے خاتمے کا وعدہ نہ کیا تو امن معاہدہ نہیں ہوگا۔ ہم فوجی انخلا نہیں افغان مسئلے کا پرامن اور سیاسی حل چاہتے ہیں۔ ہم امن چاہتے ہیں تاکہ انخلا کا امکان پیدا ہوجائے۔
 

Advertisement