فیصل آباد: (دنیا نیوز) فیصل آباد میں محکمہ ایکسائز نے ٹیکس کی ادائیگی نہ کرنے پر مکان سیل کرتے ہوئے اہلخانہ کو گھر میں قید کر دیا، اہلخانہ کے مطابق ذاتی مکان کو کرایہ داری ٹیکس کے تحت بلاوجہ سیل کر دیا گیا۔
فیصل آباد میں ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن عملے نے لاپرواہی کی انتہا کر دی، بخاری ٹاؤن میں کارروائی کے دوران اہلخانہ کی موجودگی کے باوجود مکان کو سیل کر دیا۔ مکان سیل ہونے کے باعث گھر میں موجود لوگ قید ہو کر رہ گئے، اہلخانہ کے مطابق ٹیکس کی ادائیگی سے متعلق کبھی کوئی نوٹس بھی نہیں آیا۔
ذاتی مکان کو کرایہ داری ٹیکس کے تحت بلاوجہ سیل کیا گیا، 66 ہزار روپے ٹیکس ادا کرنے پر مجبور کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے محکمہ ایکسائز کے اعلی افسران سے معاملہ کا نوٹس لینے اور انصاف فراہم کرنے کا مطالبہ کر دیا۔