اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان کو گرے سے بلیک لسٹ میں شامل کروانے کی بھارتی چالیں ناکام ہو گئیں۔
ایف اے ٹی ایف نے پاکستان کے اقدامات پر اطمینان کرتے ہوئے اکتوبر میں دوبارہ جائزہ لینے کا فیصلہ کر لیا۔
وزارت خزانہ کے اعلامیے کے مطابق فنانشل ایکشن ٹاسک فورس نے دہشت گرد تنظیموں کے اکاؤنٹس اور اثاثے منجمد کرنے سمیت بیشتر اہداف حاصل کرنے پر پاکستان کے اقدامات کو سراہا۔
اب ایف اے ٹی ایف اکتوبر 2019ء میں پاکستان کے مزید اقدامات کا دوبارہ جائزہ لے گی۔ فلوریڈا میں ہونے والے اجلاس میں ایف اے ٹی ایف کو جعلی بینک اکاؤنٹس، مشکوک ترسیلات، کالعدم تنظیموں کی رجسٹریشن منسوخی اور بینکنگ کے شعبہ میں اقدامات سے آگاہ کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق پاکستانی انٹیلیجنس ایجنسیز کی مدد سے منی لانڈرنگ پر قابو پایا گیا جس سے دہشت گردوں کی فنڈنگ رک چکی ہے۔ ایف اے ٹی ایف میں چین، ترکی اور ملائیشیا نے پاکستانی کوششوں کو سراہا جس سے بھارت کو منہ کی کھانا پڑی۔