واشنگٹن: (دنیا نیوز) وزیر اعظم عمران خان اور امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو کی ملاقات کا اعلامیہ جاری کر دیا گیا، وزیراعظم نے گزشتہ روز صدر ٹرمپ سے تفصیلی ملاقات پر اظہار اطمینان کیا اور کہا کہ افغانستان کے سیاسی حل پر اتفاق سے علاقائی امن واستحکام کو فروغ ملے گا۔
اعلامیے کے مطابق امریکی وزیر خارجہ سے ملاقات کے دوران وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ پرامن اور مستحکم افغانستان پاکستان کے لیے بہت اہمیت رکھتا ہے اس مقصد کے لیے پاکستان اور امریکہ کے درمیان باہمی مفاد، علاقائی امن اور خوشحالی کے لیے مضبوط شراکت داری ضروری ہے، وزیراعظم نے مائیک پومپیو کو دہشت گردی کے خلاف حکومتی کامیابیوں اور خطے میں امن کے لیے اقدامات سے بھی آگاہ کیا۔
اعلامیے میں مزید کہا گیا ہے کہ امریکی وزیرخارجہ کو مدارس اصلاحات، پرامن ہمسائیگی کے حوالے سے اپنے موقف سے آگاہ کیا، وزیراعظم نے بھارت سے تعلقات بہتر بنانے کے حوالے سے پاکستانی اقدامات پر بھی بات کی۔