لاہور: (ویب ڈیسک) ملک بھر میں بھارتی جارحیت اور کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لیے احتجاجی مظاہرے اور ریلیاں نکالی گئیں۔ کراچی، لاہور اور کوئٹہ سمیت تمام چھوٹے بڑے شہروں، قصبوں اور دیہاتوں میں بھی احتجاجی ریلیاں اور جلسوس نکالے گئے۔
آزاد کشمیر کے دارالحکومت مظفر آباد میں مقبوضہ کشمیر میں بھارتی جارحیت کے خلاف پریس کلب سے آزادی چوک تک ریلی نکالی اور احتجاج کیا گیا۔
مظاہرین نے بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کا پتلا جلایا اور بھارتی فوج اور حکومت کے خلاف نعرے لگائے۔ مظاہرین نے اقوام متحدہ سے پاس کردہ قراردادوں پر عملدر آمد اور عالمی برادری سے بھارتی جارحیت کے خلاف نوٹس لینے کا مطالبہ کیا۔
ملک کے سب سے بڑے شہر کراچی میں بھی مختلف جماعتوں کی جانب سے کشمیریوں کی حمایت میں ریلیاں نکالی گئیں۔ جماعت اسلامی نے کراچی پریس کلب پر بھارتی جارحیت کے خلاف احتجاج کیا جبکہ سندھ کے دوسرے بڑے شہر حیدر آباد میں بھی طلبہ نے بھارتی ہٹ دھرمی کے خلاف احتجاجی ریلی نکالی۔
لاڑکانہ، ٹنڈوالہ یار، میرپور ماتھیلو اور کشمور میں کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لیے احتجاجی مظاہرے اور ریلیاں نکالی گئیں جبکہ سکولوں میں یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے سے تقریبات منعقد کی گئیں۔
اس موقع پر سکھر میں سندھ پولیس نے بھی کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لیے فلیگ مارچ کیا۔ جس میں ڈی ایس پیز، ایس ایچ اوز سمیت پولیس کے جوانوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی اور بھارت کے خلاف نعرے لگائے۔
کوئٹہ، ہرنائی، کویلو، چمن، قلعہ عبداللہ، نصیر آباد، آواران، تربت سمیت صوبے کے مختلف شہروں میں بھارتی مظالم کے خلاف احتجاجی ریلیاں نکالی گئیں جبکہ مختلف این جی اوز اور طلبہ نے بھی احتجاج کیا۔
لاہور میں کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی اور بھارتی مظالم کے خلاف پنجاب یونیورسٹی کے طلبہ نے احتجاجی ریلی نکالی، جس میں اساتذہ نے بھی شرکت کی۔
ریلی کی قیادت وائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی ڈاکٹر نیاز احمد نے کی۔ ریلی میں عالمی برادری سے بھارتی ظلم و بربریت کے خلاف آواز اٹھانے اور اقوام متحدہ اور او آئی سی سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا۔
ملتان میں بھی ضلعی انتظامیہ کی جانب سے یوم یکجہتی کشمیر ریلی گھنٹہ گھر چوک سے حسین آگاہی چوک تک نکالی گئی جس کی قیادت ڈپٹی کمشنر عامر خٹک نے کی۔
گجرات، لیہ، اٹک، ساہیوال سمیت مختلف شہروں میں بھی یکجہتی کشمیر ریلیاں اور احتجاجی مظاہرے کیے گئے جس میں سرکاری ملازمین، طلبہ سمیت مختلف مکتبہ فکر کے افراد نے شرکت کی۔
ملک بھر میں ہونے والے مظاہروں میں عالمی برادری اور اقوام متحدہ سے بھارتی جارحیت کے خلاف نوٹس لینے جبکہ اسلامی ممالک کی تنظیم (او آئی سی) سے ہنگامی اجلاس بلانے کا بھی مطالبہ کیا گیا۔