اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ مودی سرکارنے مقبوضہ وادی کی خصوصی حیثیت ختم کرنے کا مذموم اقدام اٹھایا۔ پاکستان آج اپنا یوم آزادی نہتے کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے طور پر منا رہا ہے۔ کل یوم سیاہ منائیں گے۔ کیا مقبوضہ وادی میں خوشحالی کرفیو کے سائے میں آئے گی۔
ڈی چوک میں ریلی سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ سلامتی کونسل سے کشمیر کی صورتحال پر ہنگامی اجلاس کا مطالبہ کیا ہے، مقبوضہ کشمیر میں بسنے والے ہمارے بھائیوں کو مودی حکومت نے جابرانہ اقدام سے دنیا سے منقطع کر رکھا ہے۔ وہاں اشیائے خورد و نوش کی شدید قلت ہے۔ ادویات ناپید ہیں۔
وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ مودی اگر جاننا چاہتا ہے کشمیریوں کا موقف کیا ہے تو کرفیو ختم کرے اور دیکھ لے پھر کشمیری کیا چاہتے ہیں۔ وہاں کشمیر بنے گا پاکستان کے نعرے گونجیں گے۔
مشیر اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ گولی اور قید سے کشمیریوں کی آزادی کی تحریک کو دبایا نہیں جا سکتا۔ کشمیری بھائیوں کوتنہا نہیں چھوڑیں گے۔ وزیراعظم عمران خان کی آج کی تقریرکے بعد مودی کو نیند نہیں آئیگی۔ پاکستان ایک انچ بھی اپنے موقف سے پیچھے نہیں ہٹے گا۔ آزادی کے لیے ہمارے بزرگوں نے لازوال قربانیاں دیں۔
وفاقی وزیر مراد سعید کا کہنا تھا کہ اگربھارت نے کسی بھی مہم جوئی کی غلطی کی تو عبرتناک سبق دیں گے۔ کشمیری بھایئوں کی سیاسی، اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ کشمیر کی آزادی کا آغاز ہو چکا ہے۔ مودی نے بھارت کی تقسیم کے پروانے پردستخط کردیئے ہیں۔ آج ہر پاکستانی کے لبوں پرایک ہی نعرہ ہے کہ کشمیربنے گا پاکستان۔
وفاقی وزیر برائے امور کشمیر علی امین گنڈا پور کا کہنا ہے کہ متعصبانہ ہندوذہنیت نے ایک دفعہ پھرمسلمانوں کوللکارا ہے۔ مقبوضہ کشمیرکے نہتے بھائیوں کیساتھ کھڑے ہیں۔ مسلم امہ سے مظلوم کشمیریوں کی بھرپورحمایت کی اپیل کرتے ہیں۔
کشمیر کمیٹی کے چیئر مین سیّد فخر امام کا کہنا تھا کہ ہم اپنے خون کے آخری قطرے تک کشمیری عوام کیساتھ کھڑے ہیں، ہندو متعصبانہ ذہنیت نے ایک دفعہ پھر مقبوضہ وادی پر انہی مظالم کو دہرایا ہے۔ بھارت نے مقبوضہ وادی کی خصوصی حیثیت تبدیل کرکے بہت بڑی غلطی کی۔ آج وقت نے ثابت کردیا ہے کہ دوقومی نظریہ بالکل درست تھا۔ گجرات میں قتل عام،بابری مسجد کوشہید کیا جانا،تعصب کی بڑی مثالیں ہیں۔
تحریک انصاف کے سینئر رہنما اسد عمر کا کہنا تھا کہ بھارتی پائلٹ کو جہاز گرنے اور تھپڑ کھانے پر بھارت میں ایوارڈ دیا گیا، مودی غلطی مت کرنا اس دفعہ چائے نہیں ملے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان نے بھارتی قیادت کوامن کا پیغام دیا تھا،نریندر مودی سرکارہماری امن کی خواہش کوکبھی غلطی سے کمزوری نہ سمجھے۔ بھارت جان لے کہ 22 کروڑعوام کی سیسہ پلائی دیوار کشمیریوں کیساتھ کھڑی ہے۔ تمام ترمظالم کے باوجود بھارت کشمیریوں کے جذبہ حریت کوختم نہیں کرسکا۔
اسد عمر کا مزید کہنا تھا کہ ہمیں اپنی مسلح افواج پر فخر ہے۔ اپنا یوم آزادی کشمیری بھائیوں کیساتھ یکجہتی کے طور پر منا رہے ہیں۔
D chowk right now #PakistanStandsWithKashmir pic.twitter.com/CqKXTUQKcJ
— Asad Umar (@Asad_Umar) August 14, 2019