متحدہ عرب امارات کی بھارت سے قربتیں،پاکستان نے تحفظات کااظہارکردیا

Last Updated On 25 August,2019 09:36 pm

لاہور: (دنیا نیوز) فواد چودھری کہتے ہیں کہ یو اے ای میں مودی کو ایوارڈ دینے سے مایوسی ہوئی جبکہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ مڈل ایسٹ کے حکمران ہمارے ساتھ نہیں تو کوئی بات نہیں، دوسری طرف چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے متحدہ عرب امارات کا اپنا اور پارلیمانی وفد کا دورہ منسوخ کردیا۔

تفصیلات کے مطابق متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کی جانب سے بھارت کیساتھ قربتیں بڑھانے اور مودی کے دورے پر پاکستان نے شدید تحفظات کا اظہار ظاہر کر دیا ہے۔

وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چودھری نے اپنے ردعمل میں کہا کہ یواے ای میں مودی کو ایوارڈ دینے سے مایوسی ہوئی۔ لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ بھارتی وزیراعظم کو ایوارڈ ملنا پاکستان کی سفارتی کمزوری نہیں، ہمارے لیے اپنی قوم سے بڑھ کر کچھ نہیں ہے۔

فواد چودھری نے کہا کہ ہم کشمیر کی بات احساس کی بنیاد پر کرتے ہیں، کسی جگہ پر لکیر لگانے سے علاقہ تقسیم نہیں ہو سکتا۔ انڈین اپوزیشن لیڈر راہول گاندھی کو کشمیر میں نہیں جانے دیا گیا جبکہ غلام نبی آزاد کو بھی کشمیر میں جانے کی اجازت نہیں دی جا رہی۔

انہوں نے کہا کہ امریکا اور یورپ کیا کرے گا، اپنی جنگیں خود لڑنی پڑتی ہیں۔ نریندر مودی کی گردن میں سریا آ چکا ہے، دو ایٹمی طاقتیں ایک دوسرے کے سامنے کھڑی ہیں۔ جنگ چوائس نہیں لیکن لڑنی پڑی تو لڑیں گے۔ تین جنگیں پہلے لڑ چکے ہیں، چوتھی لڑنے کو بھی تیار ہیں۔ آرمی چیف نے بھی کہا ہم ہرحد تک جائیں گے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ مودی مسئلہ کشمیر میں بری طرح پھنس گیا ہے، وہ ہندوستان میں تنہا ہوتا جائے گا، دنیا دیکھ رہی ہے کہ 80 لاکھ لوگ بڑی جیل میں قید پڑے ہیں۔

دوسری جانب وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے مظفر آباد میں ریلی سے خطاب میں کہا کہ مڈل ایسٹ کے حکمران ہمارے ساتھ نہیں تو کوئی بات نہیں، جو پاکستان کا ساتھ نہیں دے رہے، ہمیں ان کی پروا نہیں ہے۔

شیخ رشید احمد نے کہا کہ بھارت ہندومت کی برتری چاہتا ہے، فاشسٹ ہٹلر مودی کو اس کی حماقت لے ڈوبے گی۔ پاکستان پر حملہ ہوا تو برصغیر کا نقشہ بدل جائے گاہ پھل جھڑیاں، مرچ مصالحے کوئی شب برات کیلئے نہیں رکھے، میزائل نظام ملکی دفاع کیلئے ہے۔ وفاقی وزیر شیخ رشید کا کہنا تھا کہ اس قوم نے اپنے پیٹ پر پتھر باندھ کر ملک کو ایٹمی طاقت بنایا، اصل میں پاکستان بننے کا اب وقت آیا ہےہ اب پاکستان کی تکمیل ہوگی اور کشمیر پاکستان کے ساتھ ہوگاہ جو کشمیر کیساتھ ہوگاو وہ اس ملک کا راجکمارہوگا، آج ہم سب مودی کی وجہ سے ایک ہو گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اب جنگ ہوئی تو برصغیر کا نقشہ بدل جائے گاہ یہ پاکستان اور بھارت کی نہیں برصغیرکی لڑائی ہوگی۔ ملک کا دفاع ہر قیمت پر کریں گے۔ خطے میں بھارت کی حکمرانی کے خواب کو پاش پاش کریں گے، نازی مودی کے احمقانہ اقدامات بھارت کو لے ڈوبیں گے۔

ادھر چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے متحدہ عرب امارات کا اپنا اور پارلیمانی وفد کا دورہ منسوخ کر دیا ہے۔ سینیٹ سیکریٹریٹ کے مطابق یہ فیصلہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کے حالیہ دورے کے پس منظر کو سامنے رکھتے ہوئے کیا گیا ہے۔

چیئرمین سینیٹ کے مطابق ایسے موقع پر متحدہ عرب امارات کا دورہ پاکستانی قوم، کشمیری ماؤں، بہنوں اور بزرگوں کی دل آزاری کا سبب بنے گا۔ اس لیے اپنا اور پارلیمانی وفد کا دورہ منسوخ کیا ہے۔
 

Advertisement