کشمیر کے حل کیلئے دنیا کو”ڈومور“ کرنا ہوگا، فردوس عاشق اعوان

Last Updated On 27 August,2019 08:42 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ وزیراعظم کشمیریوں کی آواز بن گئے ہیں، وہ اقوام متحدہ میں کشمیر کا مقدمہ لڑنے جا رہے ہیں، اب دنیا کو کشمیر کیلئے ڈومور کی طرف جانا ہے۔

وفاقی کابینہ اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان نے اراکین کو گزشتہ روز قوم سے خطاب پر اعتماد میں لیا۔ کابینہ نے کشمیر ایشو کو تحریک میں بدلنے کے لیے بھرپور تعاون کا یقین دلایا اور جمعہ کو کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے وزیراعظم کے فیصلے کی توثیق کی۔

فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ بھارتی اقدامات کی وجہ سے عالمی امن کو خطرہ پیدا ہو چکا ہے۔ جمعہ کو بارہ بجے سے لیکر ساڑھے بارہ بجے تک پوری قوم کشمیری عوام سے اظہار یکجہتی کرے گی اور مسئلہ کشمیر پر قومی یکجہتی کا مظاہرہ کرکے بھارت کو موثر پیغام دے گی۔

کابینہ کے فیصلوں سے آگا کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ایک سے دوسرے شہر جانے والے معذور افراد کیلئے بسوں میں نشستیں مختص کرنا لازمی قرار دیدیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ بیرون ملک سے ترسیلات زر پر فیس ختم کر دی گئی ہے۔

 

ان کا کہنا تھا کہ کابینہ کو بچوں اور خواجہ سراؤں کا استحصال روکنے کے اقدامات سے آگاہ کیا گیا۔ وزیراعظم نے بچوں کی نازیبا ویڈیو بنانے والوں کیخلاف موثر قانون سازی کی ہدایت کی۔ اجلاس میں غریب قیدیوں کے جرمانے کی ادائیگی کے لائحہ عمل کی منظوری بھی دی گئی۔
 
 

 

Advertisement