اسلام آباد: (دنیا نیوز) فنانشل ایکشن ٹاسک فورس کے اہداف کیلئے پاکستان دہشت گردوں تک فنڈنگ، زیورات اور انعامی بانڈز روکے گا۔
ذرائع کے مطابق سٹیٹ بینک، ایف بی آر، ایس ای سی پی، ایف آئی اے اور نیکٹا ڈیٹا اکٹھا کریںگے، ٹیلی کام بینکنگ کا مکمل ریکارڈ سٹیٹ بینک فراہم کرے گا، انعامی بانڈز کے مالکان کا ڈیٹا سٹیٹ بینک کا مانیٹرنگ یونٹ فراہم کرے گا، دہشت گردوں تک انعامی بانڈ کی منتقلی 100 فیصد روک لی گئی ہے۔
ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ دہشت گردوں تک ٹیلی کام بینکنگ سے رقم کی منتقلی بھی 100 فیصد روک لی گئی ہے، فلاحی تنظیموں کی وفاقی، صوبائی سطح پر مکمل چھان بین ہوگی، سکیورٹی اینڈ ایکسچینج کمیشن وفاقی، صوبائی فلاحی تنظیموں کی چھان بین کریگا۔
ذرائع کے مطابق فلاحی تنظیموں کی رجسٹریشن کا مکمل ریکارڈ اکھٹا کیا جائے گا، فلاحی تنظیموں کی حسابات کی چھان بین کی جائے گی، سونے، زیورات اور قیمتی پتھروں کے کاروبار کو رجسٹرڈ کیا جائے گا، سونا، زیورات، قیمتی پتھروں کی لین دین میں شناختی کارڈ لازمی کیا جائے گا۔