لاہور: (دنیا نیوز) پنجاب میں پولیس تشدد کے بڑھتے واقعات پر عثمان بزدار افسران پر برس پڑے۔ کہتے ہیں شہریوں پر تشدد کے واقعات سے بہت بدنامی ہوئی۔ پولیس کے رویوں میں بہتری لا کر تھانہ کلچر کو تبدیل کریں گے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کے زیر صدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا جس میں صوبائی وزیر قانون راجا بشارت اور دیگر افسران کی شرکت کی۔
وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ واقعات میں ملوث افسران اور اہلکاروں کے خلاف فوری کارروائی کی جائے گی۔ کسی کو اجازت نہیں کہ شہریوں پر تشدد کرے۔
انہوں نے پولیس نظام میں اصلاحات کے عمل کو مزید تیز کرنے کی ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ پولیس نظام میں اصلاحات وقت کا اہم تقاضا ہے۔ پولیس تشدد کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔
عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ پولیس کو سائل کے ساتھ خندہ پیشانی سے پیش آنا چاہیے۔ پولیس کے اندر احتساب کے نظام کو مزید موثر بنایا جا رہا ہے۔ وزیراعلیٰ نے واضح کر دیا کہ حوالات میں بند ملزموں سے ماورائے قانون کوئی اقدام برداشت نہیں کیا جائے گا۔