اقوام متحدہ کو مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی بالادستی کیلئے آواز اٹھانی ہوگی: ملیحہ لودھی

Last Updated On 10 September,2019 04:27 pm

نیویارک: (دنیا نیوز) اقوام متحدہ میں مسقتل مندوب ملیحہ لودھی کا کہنا ہے کہ کشمیر میں صورتحال بتدریج بگڑتی جا رہی ہے۔ 5 اگست کے غیر قانونی بھارتی اقدامات نے کشمیر میں متعدد بحرانوں کو جنم دیا ہے۔ اقوام متحدہ کو مقبوضہ کشمیر میں قانون، انصاف اور انسانی حقوق کی بالادستی کے لیے آواز اٹھانی ہوگی، ‎کشمیر میں جاری ظلم پر پاکستان کبھی خاموش نہیں رہے گا۔

اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتیریز سے ملاقات کے دوران ملیحہ لودھی نے کشمیر کی نزاعی صورت حال کا تذکرہ کرتے ہوئے انتونیو گوتیریز کو بتایا کہ کشمیر میں صورتحال بتدریج بگڑتی جا رہی ہے۔5 اگست کے غیر قانونی بھارتی اقدامات نے کشمیر میں متعدد بحرانوں کو جنم دیا ہے۔ انہوں نے انتونیو گوتیریز کو باور کرایا کہ خطے میں امن کو سنگین خطرات لاحق کرنے کے ساتھ ساتھ بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی شدید خلاف ورزیاں کی ہیں۔

ملیحہ لودھی نے کہا کشمیر میں ایک بڑے انسانی المیہ کے پیدا ہونے کا شدید خدشہ ہے۔ پینتیس دن سے کشمیر میں نافذ کرفیو نے نہ صرف معمولات زندگی کو مفلوج کر دیا ہے بلکہ پوری وادی کو ظلمت میں دھکیل دیا ہے۔

انہوں نے کہا بھارتی اقدامات عالمی قوانین اور سلامتی کونسل کی قرادادوں کی واضح خلاف ورزی ہیں۔ ملیحہ لودھی نے کہا سیکرٹری جنرل کو اپنے "تنازعات سے بچاؤ کی سفارتکاری" کے ایجنڈے کو کشمیر پر بھی لاگو کرنا چاہیے۔
 

 

Advertisement