سعودی قیادت کا مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر تشویش کا اظہار، مکمل حمایت کا اعادہ

Last Updated On 20 September,2019 08:36 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان کے دورہ سعودی عرب کا اعلامیہ جاری کر دیا گیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ پاکستان اور سعودی عرب نے مختلف شعبوں میں تعلقات مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا ہے۔ سعودی قیادت نے مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مکمل حمایت کا اعادہ کیا۔

پاکستان اور سعودی عرب نے امن و سلامتی اور مسئلہ کشمیر کے پر امن حل کیلئے مشترکہ کوششوں پر اتفاق کیا، دونوں ملکوں نے دو طرفہ تجارت، توانائی، سرمایہ کاری کے عزم کا اعادہ کیا۔ سعودی قیادت نے دو طرفہ تعلقات کو حقیقی بھائیوں کا تعلق قرار دیا۔

پاکستان نے سعودی آئل تنصیبات پر حملے کی مذمت کی۔ وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا سعودی ولی عہد کے دورہ سے دو طرفہ تعلقات مضبوط ہوئے، مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی صورتحال بدتر ہے، غیر قانونی اور یکطرفہ بھارتی اقدام سے امن کو شدید خطرات ہیں۔

وزیراعظم عمران خان نے مزید کہا کہ 46 روز سے 80 لاکھ کشمیریوں کا لاک ڈاؤن جاری ہے، مسئلہ کشمیر سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق حل ہونا چاہیئے، کشمیر کاز کیلئے او آئی سی کی مسلسل حمایت نہایت اہم ہے، پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات اعتماد، باہمی تعاون پر مبنی ہیں، سعودی عرب میں کثیر تعداد میں پاکستانی مقیم ہیں۔

عمران خان نے پاکستان کوروڈ ٹو مکہ منصوبے میں شامل کرنے پر شکریہ ادا کیا اور منصوبے کو پاکستان کے دوسرے بڑے شہروں تک لے جانے کی امید کا اظہار کیا۔
 

Advertisement