سی پیک منصوبے رکنے کا تاثر غلط، تمام منصوبوں پر کام جاری ہے: خسرو بختیار

Last Updated On 06 October,2019 09:18 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر منصوبہ بندی وترقی خسرو بختیار نے کہا ہے کہ سی پیک منصوبے رکنے کا تاثر غلط ہے، تمام منصوبوں پر کام جاری ہے، سی پیک اب ایک نئی بلندیوں کو چھوئے گا۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران وفاقی وزیر خسرو بختیار نے کہا کہ کشمیر کے حوالے سے موقف پر سپورٹ کرنے پر چین کا شکریہ ادا کریں گے۔ سی پیک کے تحت 4300 میگاواٹ بجلی کے منصوبے زیر تعمیر ہیں۔ گوادر ماسٹر پلان کو بلوچستان حکومت کے ساتھ فائنل کر لیا ہے۔

انھوں نے کہا کہ وزیراعظم کے دورہ چین کے دوران 7 ہزار میگاواٹ صلاحیت والا بنجی ڈیم کا منصوبہ بھی زیر بحث آئے گا جبکہ سٹٰیل کے شعبے میں سرمایہ کاری کے حوالے سے چینی حکام کے ساتھ بات چیت ہوگی۔ 200 ملین ڈالر کے زرعی منصوبے چین کو تجویز کریں گے۔

خسرو بختیار نے کہا کہ دورہ چین کے دوران ایم ایل ون پر باضابطہ بات چیت ہوگی۔ چین پاکستان کے درمیان تجارت مین تبدیلی آنا شروع ہو گئی ہے۔ چین نے اپنی مارکیٹیں ہمارے لیے کھول دی ہیں۔ اب ہمارے سرمایہ کاروں پر منحصر ہے کہ وہ کتنا فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔

 

Advertisement