لاہور فضائی آلودگی کی فہرست میں دوسرے نمبر پر، ائیر کوالٹی انڈیکس 300 ریکارڈ

Last Updated On 15 November,2019 03:50 pm

لاہور: (دنیا نیوز) لاہور اب بھی فضائی آلودگی کی فہرست میں دوسرے نمبر پر ہے، سموگ کے باعث شہر کے تمام سکولز آج سے دو روز کیلئے بند کر دئیے گئے۔

رات گئے بارش سے پنجاب میں سموگ کی شدت میں معمولی کمی ہوئی تاہم افق پر سموگ اب بھی برقرار ہے، لاہور کا اوسطاً ائیر کوالٹی انڈیکس 300 ریکارڈ کیا گیا، گلبرگ کا علاقہ 434 اے کیو آئی کے ساتھ آلودگی میں سرفہرست، ائیر پورٹ سے ملحقہ علاقوں کا اے کیو آئی 426، اپر مال کے علاقہ کا ائیر کوالٹی انڈیکس 314 ریکارڈ کیا گیا۔

پنجاب اسمبلی اور چیئرنگ کراس کا اے کیو آئی 411، سندر انڈسٹریل اسٹیٹ 349 اور اقبال ٹاؤن 347 اور واہگہ کے سرحدی علاقوں میں ائیر کوالٹی انڈیکس 361 ریکارڈ کیا گیا۔ محکمہ موسمیات کی بارش کی پیشگوئی کسی حد تک درست تو ثابت ہوئی لیکن شہریوں کو بدستور سموگ کے باعث مشکلات کا سامنا ہے۔

دوسری جانب سموگ سے بچاؤ کے لیے شہر کے تمام سرکاری اور پرائیویٹ سکول آج سے دورروز کیلئے بند ہیں، سکولز مالکان نے حکومت سے سموگ کے خاتمے کیلئے مستقل حل کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ صدر پرائیویٹ سکولز ایسو سی ایشن کاشف ادیب نے کہا ہے کہ سموگ ہر سال آئے گی، کیا ہر سال چھٹی دیں گے، حکومت سموگ سے بچاؤ کا مستقل حل ڈھونڈے۔
 

Advertisement