اسلام آباد سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں زلزلے کے جھٹکے، لوگوں میں خوف وہراس

Last Updated On 30 December,2019 11:10 pm

چترال: (دنیا نیوز) اسلام آباد اور راولپنڈی سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں زلزلے کے شدید جھٹکوں کے باعث لوگوں میں خوف وہراس پھیل گیا اور وہ کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے گھروں سے باہر نکل آئے۔

ذرائع کے مطابق گلگت بلتستان کے مختلف علاقوں غذر شگر اور گردونواح میں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کئے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ ہنزہ اور مضافات میں زلزلہ آنے کی اطلاعات ہیں۔

زلزلے کے جھٹکے 10 بج کر 20 منٹ پر محسوس ہوئے جبکہ اس کا دورانیہ دس سے پندرہ سیکنڈ رہا۔ اس کے علاوہ راولپنڈی، اسلام آباد، میرپور، بھمبر اور کوٹلی سمیت آزاد کشمیر کے مختلف شہروں میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کئے گئے۔ زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کی شدت پانچ اعشاریہ 6، گہرائی 42 کلومیٹر تھی جبکہ اس کا مرکز جنوبی ایران تھا۔

یہ بھی پڑھیں: 2019ء کا شدید ترین زلزلہ، پورا ملک لرز اٹھا، لاہور میں بچے سمیت 3 زخمی

یاد رہے کہ 20 دسمبر کو صوبائی دارالحکومت لاہور سمیت ملک کے مختلف شہروں میں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے تھے۔ پاکستان بھر میں آنے والا حالیہ زلزلہ اتنا شدید تھا کہ لوگ گھروں اور دفاتر سے خوف کے مارے کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے باہر نکل آئے۔

لاہور، اسلام آباد، راولپنڈی، فیصل آباد، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، چنیوٹ، سرگودھا، نارووال، ڈسکہ،ایبٹ آباد اور راولا کوٹ سمیت ملک کے دیگر شہروں میں شدید زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔ ادھر چترال میں بھی زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے۔ زلزلے کے جھٹکوں کے باعث پہاڑوں سے پتھر گرنے کے واقعات ہوئے، تاہم کسی قسم کے جانی یا مالی نقصان کی اطلاع نہیں ملی تھی۔

خیبر پختونخوا کے شہروں لکی مروت، بٹگرام، ملاکنڈ، ایبٹ آباد جبکہ آزاد کشمیر کے علاقوں میرپور ودیگر، اس کے علاوہ مری، سوات، کوٹلی، بھمبر، ہری پور، کلرکہار، ڈی آئی خان، سکردو، لوئر دیر اور اپر دیر میں بھی زلزلہ آنے کی اطلاعات ملیں۔

پاکستان کے علاوہ دیگر ہمسایہ ملکوں میں بھی زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے تھے۔

انڈین میڈیا کی رپورٹس کے مطابق دارالحکومت دہلی، متھرا، لکھنو، شمالی بھارت اور مقبوضہ کشمیر کے کئی علاقے بھی زلزلے سے لرز اٹھے تھے۔

غیر ملکی میڈیا کا کہنا تھا کہ صرف پاکستان ہی نہیں، دنیا کے کئی ممالک میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔ زلزلہ پیما مرکز کے مطابق گوئٹے مالا اور تاجکستان میں 4.5، فرانس میں 2.8، چلی میں 4، جاپان میں، 4.3، انڈونیشیا کے جزیرے سلاویسی میں 4.5 ریکارڈ، آسٹریلیا کی ریاست نیو ساؤتھ ویلز میں 2.4، جنوبی یونان میں 3.3 اور شمالی ایران میں 3.8 شدت کا زلزلہ ریکارڈ کیا گیا۔

زلزلہ پیما مرکز کے مطابق ریکٹر سکیل پر زلزلے کی شدت چھ اعشاریہ چار ریکارڈ کی گئی۔ زلزلے کا مرکز کوہ ہندو کش جبکہ گہرائی 200 کلومیٹر زیر زمین تھی۔

 

 

Advertisement