اسلام آباد: (دنیا نیوز) متحدہ عرب امارات کے ولی عہد شیخ محمد بن زاید النہان پاکستان کا ایک روزہ دورہ مکمل کرنے کے بعد واپس روانہ ہو گئے ہیں۔ وفاقی وزیر بجلی عمر ایوب نے معزز مہمان کو رخصت کیا۔
اپنے دورہ پاکستان کے دوران انہوں نے وزیراعظم عمران خان سے اہم ملاقات کی جس میں خطے کی مجموعی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں رہنماؤں کے درمیان ون آن ون ملاقات کے بعد وفود کی سطح پر بھی مذاکرات ہوئے۔
واضح رہے یو اے ای کے ولی عہد نے گزشتہ سال 6 جنوری 2019ء کو پاکستان کا دورہ کیا تھا جو کسی بھی عالمی رہنما کی طرف سے سال کا پہلا دورہ پاکستان تھا۔
یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم اور ولی عہد ابوظہبی کی ملاقات، باہمی دلچسپی سے متعلق امور پر بات چیت
شیخ محمد بن زاید النہان کے اس دورے سے صرف ایک ہفتہ قبل ہی امارات کے وزیر برائے رواداری شیخ نہیان بن مبارک آل نہیان اسلام آباد آئے تھے۔ انھوں نے وزیراعظم عمران خان اور صدر عارف علوی سے الگ الگ ملاقات میں دو طرفہ تعلقات بڑھانے کے امکانات پر بات چیت کی تھی۔
گزشتہ ہفتے سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان آل سعود نے اسلام آباد کا دورہ کیا تھا۔ انھوں نے صدر اور وزیراعظم سے ملاقات میں مقبوضہ کشمیر کے بارے میں پاکستان کے مؤقف کی حمایت کا اعادہ کیا اور انھیں سعودی عرب کی مسئلہ کشمیر پر اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے وزرائے خارجہ کا اجلاس بلانے کے بارے میں تجویز سے آگاہ کیا تھا۔
یہ بھی پڑھیں: روایت برقرار، نئے سال کا پہلا غیر ملکی دورہ، یو اے ای کے ولی عہد آج پاکستان آئینگے