اسلام آباد: (دنیا نیوز) اقوام متحدہ کے جنرل سیکرٹری 16 فروری کو 4 روزہ دورہ پر پاکستان آئیں گے۔ دورے کے دوران صدر، وزیراعظم اور وزیر خارجہ سے ملاقاتیں کریں گے۔
دفتر خارجہ کے مطابق اقوام متحدہ کے جنرل سیکرٹری 16 سے 19 فروری تک پاکستان کا دورہ کریں گے۔ انتونیو گوتریس افغان مہاجرین سے متعلق عالمی کانفرنس میں شرکت کریں گے۔
اقوام متحدہ کے جنرل سیکرٹری کی پارلیمنٹیرین، میڈیا نمائندوں اور نوجوانوں سے ملاقاتیں بھی ہوں گی۔ سیکرٹری جنرل لاہور اور گردوارہ کرتا پور صاحب کا بھی دورہ کریں گے۔
انتونیو گوتریس کے دورے کے دوران پاکستانی قیادت ان کے سامنے مقبوضہ جموں وکشمیر پر اپنا موقف پیش کرے گی۔