کراچی: (دنیا نیوز) محکمہ صحت سندھ کی جانب سے جاری اعدادوشمار کے مطابق کراچی میں کرونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 145 ہوگئی ہے۔
محکمہ صحت سندھ کے مطابق مزید 3 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں، ان تینوں متاثرہ افراد کا تعلق کراچی سے ہے۔ تین میں دو افراد کی ٹریول ہسٹری موجود ہے۔ ایک مریض برطانیہ جبکہ دوسرا دبئی سے کراچی پہنچا تھا۔ ایک شخص میں وائرس مقامی طور پر منتقل ہوا۔
متاثرہ کیسوں میں اضافے کے بعد کراچی میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 145 ہو گئی ہے جبکہ صوبے بھر میں مجموعی طور کیسز کی تعداد 410 ہے۔
دوسری جانب کراچی میں کرنا وائرس سے متاثرہ افراد کی تفصیلات سامنے آ گئی ہیں۔ کراچی میں زیادہ تر نوجوان میں کرونا وائرس کی تشخیص ہوئی۔
محکمہ صحت کے مطابق کراچی میں 64 متاثرہ مریضوں کی عمر 20 سے چالیس کے درمیان ہیں جبکہ ایک سے دس سال تک کے 5 بچے وائرس میں مبتلا ہیں۔
چالیس سے پچاس سال کی عمر کے 15 افراد میں کرونا تصدیق ہوئی جبکہ پچاس سے ساٹھ سال تک کے 17 لوگ متاثر ہوئے۔ اس کے علاوہ 70 سے 80 سال کی عمر کے صرف 8 افراد میں وائرس کی تصدیق ہوئی۔
کرونا میپنگ کے مطابق کراچی کے تین ٹاؤنز میں سب سے زیادہ کرونا متاثرین ہیں۔ صدر ٹاؤن میں 47، گلشن اقبال میں 37 اور ناظم آباد میں 12 کیسز سامنے آئے۔
رپورٹ کے مطابق جمشید ٹاؤن میں 9 اور ملیر میں 8 افراد کرونا وائرس میں مبتلا ہوئے۔ گلبرگ میں 9، نیو کراچی میں 3، گڈاپ میں 2، لیاری، سائٹ اور اورنگی میں ایک ایک کیس رپورٹ ہوا۔