کورونا کا زورنہ ٹوٹ سکا،وائرس مزید 5 جانیں لےگیا،مریضوں کی تعداد1970 ہوگئی

Last Updated On 01 April,2020 09:54 am

لاہور: (دنیا نیوز) سندھ میں 676 کیس، پنجاب میں 708، خیبر پختونخوا میں 221، بلوچستان میں 153، گلگت بلتستان میں 148، اسلام آباد میں 58 جبکہ آزاد کشمیر میں 6 افراد اس موذی مرض سے متاثر ہیں۔

گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 73 کیسز اور پانچ اموات کیسز رپورٹ ہوئیں۔ اس وقت 26 پاکستانی شہری اس وبا کی وجہ سے انتقال کر چکے ہیں، 12 کی حالت تشویشناک ہے جبکہ 58 افراد صحتیاب ہو کر گھروں کو جا چکے ہیں۔

لاہور کے ہسپتالوں سے کورونا وائرس کے مریض صحتیاب ہوکر گھروں کو جانے لگے

میو ہسپتال سے 8 جبکہ پی کے ایل آئی سے چار سمیت 12 مریض صحتیاب ہو چکے ہیں۔ لاہور میں اس وقت کورونا مریضںوں کی تعداد 130 ہے جبکہ پنجاب میں کل تعداد 658 ہے۔

پی کے ایل آئی، میو ہسپتال، سروسز، جناح اور جنرل ہسپتال میں کنفرم مریضوں کے ساتھ مشتبہ مریض بھی زیر علاج ہیں۔ صوبہ پنجاب میں کورونا وائرس سے اموات کی تعداد 9 ہو گئی ہے۔

پنجاب میں کورونا وائرس کے 676 کنفرم مریض

ترجمان پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کئیر کے مطابق ڈی جی خان سے 207 زائرین، ملتان سے 89 زائرین، رائے ونڈ کورنٹین میں 27 اور فیصل آباد کورنٹین میں 5 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔

ترجمان کے مطابق لاہور میں 144، قصور 1، ننکانہ صاحب 13، راولپنڈی 44، جہلم میں 28، اٹک میں ایک، گوجرانوالہ میں 12، گجرات 62، منڈی بہاء الدین 4، حافظ آباد 5، ناروال میں ایک، سرگودھا 2، میانوالی 3، خوشاب1، ملتان 2، وہاڑی 2، فیصل آباد 9، رحیم یار خان میں 3، بہاولنگر، بہاولپور 1، لودھراں اور لیہ میں ایک ایک اور ڈی جی خان میں کورونا وائرس کے 5 کنفرم مریض ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ صوبہ پنجاب میں کورونا وائرس سے اموات کی تعداد 9 ہو چکی ہے جبکہ 5 مریض صحتیاب ہو کر ڈسچارج ہوئے۔ پنجاب میں آج صبح تک 14890 مشتبہ افراد کے لیبارٹری ٹیسٹ کیے جا چکے ہیں۔ یہ ٹیسٹ این آئی ایچ اسلام آباد، پی آر ایل پنجاب، شوکت خانم، نشتر ہسپتال ملتان اور چغتائی لیب میں کیے جا رہے ہیں۔

تمام کنفرم مریض آئسولیشن وارڈز میں داخل ہیں۔ ترجمان پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کئیر مریضوں کو مکمل طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہے۔ عوام سے گزارش ہے کہ حفاظتی تدابیر اختیار کرکے خود کو محفوظ بنائیں۔ گزشتہ 14 روز میں متاثرہ ممالک سے آنے یا کنفرم مریضوں سے ملنے والے افراد گھر میں آئسولیشن اختیار کریں۔

متاثرہ ممالک سے آئے افراد میں آئسولیشن کے دوران علامات ظاہر ہوں تو 1033 پر رابطہ کریں۔ محکمہ صحت کی ریپڈ رسپانس ٹیمیں مشتبہ مریض کو ہسپتال منتقل کر کے ٹیسٹ کروائیں گی۔

سندھ بھر میں کرونا متاثرین کی تعداد 676 ہو گئی

صوبائی وزیر صحت سندھ عذرا پیچوہو نے تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ 49 نئے کیسز سامنے آنے کے بعد سندھ میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 676 ہو گئی ہے۔ کراچی میں 274، حیدر آباد میں 128 جبکہ 94 کیسز کا تعلق تبلیغی جماعت سے ہے۔

ادھر سکھر قرنطینہ سینٹر سے مزید 32 زائرین کو کورونا کا ٹیسٹ منفی آنے کے بعد گھروں کو جانے کی اجازت دے دی گئی ہے۔ ان زائرین کا تعلق کراچی، ڈگری، میرپور خاص، حیدر آباد اور نواب شاہ سے ہے۔ انھیں پولیس اور رینجرز کی سیکیورٹی میں ان کے شہروں کی طرف روانہ کیا گیا ہے۔

کراچی میں کورونا وائرس میں مبتلا ایک اور شہری انتقال کر گیا

کراچی میں کورونا وائرس میں مبتلا ایک اور شخص انتقال کر گیا ہے۔ جاں بحق ہونے والے مریض کی عمر 74 سال تھی۔ صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر عذرا پیچوہو نے بتایا کہ کراچی میں کورونا وائرس سے آج دوسری ہلاکت رپورٹ ہوئی۔ متاثرہ شخص کو 26 مارچ کو ہسپتال لایا گیا تھا۔ حالیہ ہلاکت کے بعد کراچی میں کورونا وائرس سے مرنے والوں کی تعداد 8 ہو گئی ہے۔

دوسری جانب وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ صوبے میں کورونا وائرس کے 627 کیسز ہیں جن میں سے 272 زائرین ہیں جو کل مریضوں کا 43 فیصد بنتے ہیں۔ وزیراعلیٰ سندھ نے بتایا کہ 62 کیسز ایسے ہیں جو باہر سے آئے ہیں اور کُل کیسز کا 10 فیصد ہیں۔ اس کے علاوہ مقامی منتقلی کے 293 کیسز ہیں جو کُل کیسز کا 47 فیصد بنتے ہیں۔ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ میں عوام سے اپیل کرتا ہوں کہ برائے مہربانی گھروں میں رہیں۔ ہم اس بیماری کو آپ کی مدد سے ہی شکست دے سکتے ہیں۔

کورونا کے بڑھتے خدشات، رائیونڈ سٹی مکمل لاک ڈاؤن، تبلیغی مرکز قرنطینہ قرار

ضلعی انتظامیہ نے کورونا وائرس کے بڑھتے خدشات کے پیش نظر رائیونڈ سٹی کو مکمل لاک ڈاؤن جبکہ رائے ونڈ تبلیغی مرکز کو قرنطینہ قرار دے دیا ہے۔

رائیونڈ سٹی میں موجود تمام جنرل سٹورز اور دکانیں بند کروا دی گئی ہیں۔ اسسٹنٹ کمشنر عدنان رشید کے مطابق یہ ایکشن وائرس بڑھنے کے خدشات کے پیش نظر لیا گیا ہے۔ رائیونڈ میں ابتدائی طور پر 3 روز تک مکمل لاک ڈاؤن رہے گا۔

محکمہ داخلہ پنجاب کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ رائیونڈ میں کیسز سامنے آنے پر حکومت کی جانب سے آج کابینہ کمیٹی برائے صحت کے اجلاس میں فیصلہ لیا گیا تھا۔

خیال رہے کہ اس سے قبل کورونا وائرس خطرات کے پیش نظر رائیونڈ میں ہونے والا سالانہ تبلیغی اجتماع بھی ملتوی کر دیا گیا تھا۔ حکومت سے مشاورت کے بعد تبلیغی اجتماع کی مرکزی شوریٰ نے ہدايت کی جس میں کہا گیا کہ ملک بھر میں موجود تمام جماعتیں انتظامیہ سے تعاون کی پاپند ہوں گی۔ مرکزی شوریٰ نے لوگوں کو اللہ تعالیٰ کے حضور توبہ اور استغفار کرنے کی تلقین کی ہے۔

مرکزی شوریٰ کی جانب سے واضح ہدایات میں کہا گیا تھا کہ تبلیغی جماعتیں گشت، بیان اور مجمع جمع نہیں کریں گی۔ تمام جماعتیں انتظامیہ سے مکمل تعاون کریں گی۔ تبلیغی جماعت کے کارکنان، مستورات، بچے اور بڑے اللہ تعالیٰ کے حضور توبہ واستغفار کریں۔

کورونا وائرس کے باعث او آئی سی وزرائے خارجہ سطح کا اجلاس ملتوی

کورونا وائرس کی صورتحال کے باعث آرگنائزیشن آف اسلامک کوآپریشن (او آئی سی) کے وزرائے خارجہ سطح کا اجلاس ملتوی کر دیا گیا ہے۔

سفارتی ذرائع کے مطابق او آئی سی وزرائے خارجہ کا 47واں اجلاس افریقی ملک نائیجر میں 3 اور 4 اپریل کو ہونا تھا۔ اس اجلاس میں پاکستانی وفد کی قیادت وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کرنا تھی۔ او آئی سی اجلاس کی نئی تاریخ کا اعلان کورونا وائرس کی صورتحال بہتر ہونے پر کیا جائے گا۔

خیال رہے کہ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے گزشتہ روز او آئی سی کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر یوسف بن احمد العثمین سے ٹیلی فونک رابطہ کرکے ان کیساتھ دنیا بھر میں پھیلی کورونا وائرس کی وبا کے حوالے سے بات چیت کی تھی۔

بات چیت کے دوران کورونا وبا کے پھیلاؤ کو روکنے کیلئے او آئی سی کی طرف سے اٹھائے گئے اقدامات اور اس چیلنج کے تناظر میں مقبوضہ جموں وکشمیر کی تشویشناک صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ کورونا وبائی چیلنج نے دنیا بھر کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے۔

انہوں نے اس چیلنج سے نمٹنے کے لئے او آئی سی ممالک کو مشترکہ کاوشیں بروئے کار لانے، تحقیقاتی اداروں اور سائنسدانوں کے ذریعے اس وبائی چیلنج کا حل ڈھونڈنے سے متعلق سیکرٹری جنرل او آئی سی کے حالیہ بیان کا خیر مقدم کیا۔

وزیر خارجہ نے سیکرٹری جنرل او آئی سی کو مقبوضہ جموں وکشمیر کی تشویشناک صورتحال سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کی جانب سے وہاں گزشتہ 8 ماہ سے جاری مسلسل کرفیو کے باعث وہاں ادویات اور خوراک کی شدید قلت پیدا ہو چکی ہے۔ 80 لاکھ کشمیری بھارتی استبداد سے نجات کیلئے عالمی برادری بالخصوص مسلم امہ کی توجہ کے منتظر ہیں۔

بلوچستان میں کورونا وائرس کی صورتحال

چیف سیکرٹری بلوچستان فضیل اصغر نے بتایا ہے کہ 1854 افراد کے ٹیسٹ کئے جن میں صرف 159 افراد میں کورونا وائرس پایا گیا، ان میں سے 20 افراد میں مقامی طور پر یہ مرض منتقل ہوا۔ اب تک کورونا وائرس کے 19 مریض صحتیاب ہو چکے ہیں جبکہ 139 مریض تاحال زیر علاج ہے، جن کی حالت خطرے سے باہر ہے۔ انہوں نے بتایا کہ مریضوں میں ایک خاتون کی حالت تشویشناک ہے جسے مرض قلب بھی لاحق ہے۔ 5 مریض نوکنڈی جبکہ دیگر تمام باقی مریض کوئٹہ میں زیر علاج ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ڈیلی ویجز پر کام کرنے والے افراد کی مالی امداد کی جائیگی، انھیں راشن کے بیگ بنا کر بھی تقسیم کریں گے، اس سلسلے میں حکومت بلوچستان نے تمام انتظامات مکمل کر لئے ہیں۔

چیف سیکرٹری بلوچستان نے بتایا کہ ڈاکٹرز کے تحفظ کے لئے 60 ہزار حفاظتی کٹ اور لاکھوں ماسک آئندہ ہفتے پہنچ جائیں گی۔ابھی تک صوبے میں 2000 حفاظتی کٹس، ماسک اور سینٹائیزر کوئٹہ پہنچ چکے ہیں۔

خیبر پختونخوا کے تمام ہسپتالوں کی او پی ڈیز بند کر دی گئیں

محکمہ صحت نے او پی ڈیز بند کرنے کا اعلامیہ جاری کر دیا ہے۔ اوپی ڈیز پر پابندی کا فیصلہ مختلف وجوہات کے باعث کیا گیا۔ جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ صوبے میں کورونا کی وجہ سے حکومت نے ایمرجنسی لگا رکھی ہے۔ کورونا پھیلاؤ روکنے کیلئےاو پی ڈیز پر پابندی لگائی جا رہی ہے۔ ہسپتالوں کی اوپی ڈیز 1 اپریل سے 13 اپریل تک بند رکھی جائیں گی۔

اس کے علاوہ یکم اپریل سے 13 اپریل تک نجی کلینکس بھی بند رکھے جائیں گے۔ اعلامیے میں ہدایت جاری کی گئی ہے کہ یکم سے 13 اپریل تک تمام ہسپتال ایمرجنسی سروسز بہتر بنائیں۔ ہیڈ کوارٹرز ہسپتال کورونا مریض کی پہلی جانچ ہسپتال کے کھلے ایریا یا انٹری پوائنٹ پر کریں۔


مردان: منگا میں لاک ڈاؤن تیرھویں روز بھی جاری

ڈپٹی کمشنر مردان کا کہنا ہے کہ 376 افراد کے ٹیسٹ لئے گئے ہیں جن میں سے79 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔ 93 کا رزلٹ نگیٹو جبکہ 191 کا رزلٹ نہیں آیا ہے۔ ریسکیو 1122 کی جانب سے شہر اور متاثرہ علاقے میں کلورین سپرے روزانہ کی بنیاد پر کیا جا رہا ہے۔ اندرون شہر میں بھی پولیس نے ناکے لگا دیئے گئے ہیں۔

لاک ڈاؤن کے دوران دفعہ 144 کی خلاف ورزی پر پولیس نے کریک ڈاؤن کرتے ہوئے 322 مقدمات درج کرکے 536 افراد کو گرفتارکر لیا۔ ان میں شادی بیاہ اور دیگر تقریبات کے 37، دکانات کیخلاف 12 اور پبلک ٹرانسپورٹ کے 181 مقدمات شامل ہیں۔ اس دوران پولیس نے مختلف قسم کے 980 گاڑیوں کو حراست میں لیا گیا ہے۔

کورونا وائرس کی صورتحال، میاں شہباز شریف کا قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس بلانے کا مطالبہ

اپوزیشن لیڈر میاں شہباز شریف نے پاکستان میں کورونا وائرس کی بڑھتی ہوئی صورتحال کے پیش نظر قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس بلانے کا مطالبہ کر دیا ہے۔ انہوں نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے اپنے خطاب میں اہم فیصلوں سے متعلق سوال اٹھا دیا، اس لیے قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس بلا کر واضح کیا جائے کہ لاک ڈاؤن ہوگا یا نہیں؟

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ قوم کی جان بچانے کی قومی حکمت عملی بچوں کا کھیل نہیں، قوم کو شک میں ڈالنا، انتظامیہ اور عوام کے لئے مسائل پیدا کرنے والی بات ہے۔

ہمارے پاس اتنے وسائل نہیں کہ لوگوں کو گھروں میں کھانا پہنچا سکیں، عقیل کریم ڈھیڈی

کراچی کے معروف بزنس مین عقیل کریم ڈھیڈٰی نے کہا ہے کہ ہمارے پاس اتنے وسائل نہیں کہ لوگوں کو گھروں میں کھانا پہنچا سکیں۔ وفاق اور صوبائی حکومت کو اس حوالے سے آپس میں بات کرنی چاہیے۔ دنیا نیوز کے پروگرام ‘’دنیا کامران خان کیساتھ’’ میں گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں روزانہ کی بنیاد پر کمانے والے لوگ زیادہ ہیں۔ پاکستان جیسا ملک لاک ڈاؤن کو افیورڈ نہیں کر سکتا۔ گورنر اور وزیراعلیٰ سندھ کو وفاق کے ساتھ مشاورت کرنی چاہیے۔ کما کر کھانے والا کسی کے آگے ہاتھ نہیں پھیلائے گا۔ ہمیں ایسے لوگوں کے گھروں تک کھانا پہنچانا ہوگا۔ وفاق اور صوبائی حکومتوں کو آپس میں بیٹھنا ہوگا۔ سندھ حکومت لوگوں کو بچانا چاہتی ہے۔ اس کے اقدامات بہت اچھے ہیں تاہم لاک ڈاؤن ضرور کریں لیکن دیکھیں نتائج ٹھیک آ رہے ہیں یا نہیں؟ لاک ڈاؤن پر لوگ پوری طرح عمل نہیں کر رہے۔

برطانوی ہائی کمشنر ڈاکٹر کرسٹین ٹرنر کا فلائٹ آپریشن معطل کے حوالے سے ویڈیو پیغام

پاکستان میں تعینات برطانیہ کے ہائی کمشنر ڈاکٹر کرسٹین ٹرنر نے فلائٹ آپریشن معطلی کے حوالے سے اپنے ویڈیو پیغام میں کہا ہے کہ برطانیہ اور پاکستان کے درمیان فلائٹ آپریشن منسوخ ہونے سے سے کئی لوگوں کو پریشانی کا سامنا ہے۔ کوشش کر رہے ہیں کہ جلد از جلد لوگوں کو محفوظ طریقے سے ان کے گھروں تک پہنچایا جائے۔ میں اور میری ٹیم سب سے پہلے اس معاملے کو دیکھ رہے ہیں۔ اس وقت پوری دنیا میں مشکل ترین صورتحال ہے۔ حکومت پاکستان اور پاکستانی ایئر لائنز کے ساتھ رابطے میں ہیں۔

حکومت بلوچستان کا ڈاکٹروں، نرسوں اور پیرامیڈکس کی ہنگامی بنیادوں پر بھرتی کا فیصلہ

حکومت بلوچستان نے کورونا کے چیلنج سے نمٹنے کیلئے ڈاکٹروں، نرسوں اور پیرا میڈکس کی خالی آسامیوں پر ہنگامی بنیادوں پر بھرتی کا فیصلہ کیا ہے۔ تمام بھرتیاں انٹرویوز کے ذریعہ کی جائیں گی۔ خالی آسامیوں میں تمام اضلاع کے لئے 344 میڈیکل آفیسر اور لیڈی میڈیکل آفیسر شامل ہیں۔ ٹرژری کئیر ہسپتالوں کے لئے 205 نرسیں بھرتی کی جائیں گی جبکہ پیرا میڈکس 1 تا 15 گریڈ کی 2000 آسامییوں پر بھی فوری طور پر بھرتی کی جائے گی۔ امیدوار اپنی اسناد کے ہمراہ ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر کے سامنے انٹرویو کے لئے پیش ہونگے۔ اہل امیدواروں کی فہرست سیکرٹری صحت کو ارسال کی جائے گی۔ سیکرٹری صحت کامیاب امیدواروں کو تقرری نامے جاری کریں گے۔ اسامیاں اور تفصیلات جلد اخبارات کے ذریعہ مشتہر کی جائیں گی۔

تاثر دیا جا رہا ہے کہ وبا تبلیغی جماعت کی وجہ سے پھیل رہی ہے، مبلغ نعیم بٹ

تبلیغی جماعت کے مبلغ نعیم بٹ نے کہا ہے کہ ہمیں اتنی سنگینی کا اندازہ نہیں تھا۔ اجتماع شروع ہوا تو حکومت نے کہا صورتحال تشویشناک ہے۔ دنیا نیوز کے پروگرام ‘’دنیا کامران خان کیساتھ’’ میں گفتگو کرتے ہوئے نعیم بٹ کا کہنا تھا کہ کورونا وائرس کی وبا کا دنیا میں کسی کو نہیں پتا تھا، صورتحال ایک دم خراب ہوگئی۔ انہوں نے کہا کہ خوف بہت زیادہ پھیلا دیا گیا ہے۔ ایسا تاثر دیا جا رہا ہے کہ وبا تبلیغی جماعت کی وجہ سے پھیل رہی ہے۔ رائے ونڈ کا اجتماع بارش کی وجہ سے کینسل کیا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ رائے ونڈ میں سارے لوگ غیر ملکی ہیں۔

حکومت واپسی کیلئے خصوصی پرواز چلائے، انڈونیشیا میں محصور پاکستانیوں کی اپیل

انڈونیشیا میں محصور پاکستانیوں نے حکومت سے وطن واپسی کیلئے خصوصی پرواز چلانے کی اپیل کی ہے۔ ذرائع کے مطابق اس وقت انڈونیشیا میں لگ بھگ 115 پاکستانی بین الاقوامی پروازوں پر پابندی کے باعث پھنسے ہوئے ہیں۔ ان مسافروں کا تعلق کراچی ،اندورن سندھ کے کچھ اضلاع اور پنجاب کےمختلف شہروں سے ہے۔ 21 مارچ کو پاکستان واپسی کی پرواز تھی جو فضائی آپریشن بند ہونے کے سبب منسوخ ہو گئی۔ کچھ پاکستانی ہوٹل جبکہ بیشتر پیسے کم پڑنے کی وجہ سے گیسٹ ہاؤسز میں منتقل ہو چکے ہیں۔ گیسٹ ہاؤسز میں بھی ایک کمرے میں ایک فرد کو رہنے کی اجازت ہے جس کی وجہ سے اخراجات دگنے ہو چکے ہیں۔ محصور پاکستانیوں میں بزنس مین، سٹوڈنٹ اور انڈونیشیا گھومنے افراد شامل ہیں۔ انڈونیشیا کی گورنمنٹ جکارتہ کے دو ایئرپورٹس بند کر چکی ہے۔ واحد رہ جانے والے ائیرپورٹ کو بھی بند کرنے کی اطلاعات موصول ہو رہی ہیں۔ پاکستانیوں نے حکومت سے اپیل کی ہے کہ جکارتہ کا آخری ایئرپورٹ بند ہونے سے قبل ہمارے لیے کچھ کرے، ہمیں خصوصی پرواز کے ذریعے وطن واپس لایا جائے۔ محصور افراد کے پاس مزید قیام اور کھانے پینے کیلئے پیسے ختم ہو چکے ہیں۔

 

Advertisement