کراچی: (دنیا نیوز) کراچی سمیت سندھ بھر میں آج دوپہر 3 بجے تک مکمل لاک ڈاؤن ہے، مساجد میں تین سے پانچ افراد کو نماز کی اجازت ہوگی، سندھ حکومت نے وفاق کے کئی فیصلوں پر تحفظات کا اظہار کر دیا۔
صوبائی حکومت کی جانب سے ہدایت جاری کی گئی ہیں کہ شہری گھروں سے باہر نہ نکلیں، وفاق کی جانب سے لاک ڈاؤن سے متعلق کئے گئے فیصلوں پر سندھ حکومت نے تحفظات کا اظہار کیا ہے۔
وزیر اطلاعات سندھ ناصر حسین شاہ نے دنیا کامران خان کے ساتھ میں گفتگو کرتے ہوئے کہا لاک ڈاؤن میں نرمی کے فیصلے پر تحفظات ہیں لیکن ملک کے وسیع تر مفاد میں وزیراعظم کے اعلانات پر عمل کریں گے۔ ذرائع کا کہنا ہے لاک ڈاؤن میں نرمی سے متعلق فیصلہ سندھ حکومت آج کرے گی۔
دوسری طرف پنجاب حکومت نے لاک ڈاؤن میں مزید نرمی کا اعلان کیا ہے۔ وزیراعلی ٰعثمان بزدار کا کہنا ہے کہ ہفتے سے مزید صنعتوں اور متعلقہ کاروبار کھولنے کی اجازت ہوگی، چھوٹی مارکیٹیں اور چھوٹی دکانیں صبح فجر سے شام 5 بجے تک کھلی رہیں گی جبکہ ہفتے میں 2 دن بند رہیں گی، ہسپتالوں کی او پی ڈیز بھی کھل جائیں گی، تعلیمی ادارے بند رہیں گے۔