لاک ڈاؤن تابوت میں آخری کیل، سپریم کورٹ نے دل جیت لئے

Last Updated On 19 May,2020 09:58 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) لاک ڈاؤن کے تابوت میں آخری کیل ٹھونک دیا گیا، سپریم کورٹ نے عوام کے دل جیت لیے، ملک بھر میں کاروبار کھل گئے، کل بدھ سے ٹرینیں بھی چلیں گی، ٹرانسپورٹ کا نظام بھی بحال ہو رہا ہے۔

پروگرام  دنیا کامران خان کے ساتھ  کے میزبان نے کہا رمضان المبارک کے آخری عشرے کی عبادات بھی جاری ہیں، سندھ حکومت کو چپکی سی لگ گئی ہے، یہ پاکستان کیلئے ایک اہم دن ہے، ایک اہم فیصلہ ہے۔

اس حوالے سے بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا سپریم کورٹ نے فیصلہ دیا ہے تو سب کو احترام ہے لیکن رائے کا حق رکھتا ہوں، ہوم ڈیپارٹمنٹ اس حوالے سے کام کر رہا ہے، سندھ میں مریضوں کا نمبر نہ بڑھنا سندھ حکومت کی کامیابی ہے۔ وفاقی حکومت کے بیانات کی وجہ سے کنفیوژن پھیلی ہے۔ سندھ حکومت کسی سے کچھ نہیں چھپا رہی، پنجاب میں موثر انداز میں مریضوں کی ٹریسنگ اور ٹیسٹنگ سندھ کی طرح نہیں ہو رہی ، شاپنگ مالز بند رکھنے کا فیصلہ وزیر اعظم نے کیا تھا اس کے ثبوت موجود ہیں اگر وزیر اعظم اپنے فیصلوں کا احترام نہیں کریں گے تو عوام کیسے کریں گے۔ پنجاب میں 5 دن کیلئے ٹیسٹنگ بند کر دی گئی، صرف ایک ہزار روزانہ ہوتے رہے۔

وزیر صنعت و تجارت میاں اسلم اقبال نے کہا تین دن پہلے چاروں صوبوں کا اجلاس ہوا، پنجاب نے شاپنگ مالز کھولنے کی حمایت کی تھی، صرف سندھ نے مخالفت کی تھی، سیاست برائے سیاست نہ کی جائے، حقائق بھی بتائے جائیں، لاک ڈاؤن ضرور کریں لیکن سندھ حکومت یہ بھی بتائے کہ غریبوں تک کتنا راشن پہنچایا، یہ کراچی سے نہیں نکلے ہم نے پورے پنجاب میں ٹیسٹ کئے ہیں، ہم نے صحت کو بہتر کیا ہے، ہم نمبر کیوں چھپائیں گے۔ انہوں نے کہا ٹرانسپورٹ کو ایس او پیز پر چلا رہے ہیں۔ وزیر اعلیٰ کی زیر صدارت مارکیٹوں میں شاپنگ کا ٹائم بڑھانے کیلئے فیصلہ کریں گے۔ شادی ہالز والے بھی ملے ہیں، اجلاس میں ان کے بارے میں بھی فیصلہ کریں گے۔
 

Advertisement